14 اگست کو پاکستانی کو حقیقی آزادی دلائیں گے،عمران خان ،یہ میری یا تحریک انصاف کی جنگ نہیں بلکہ یہ جنگ قائداعظم کے پاکستان کی جنگ ہے،11مئی کو عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کو کٹہرے میں لائے گی، اور ان پرآرٹیکل 6لاگو کریں گے،تحریک انصاف کے چیئرمین کا خطاب

جمعرات 10 جولائی 2014 07:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جولائی۔2014ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 14 اگست کو پاکستانی کو حقیقی آزادی دلائیں گے، یہ میری یا تحریک انصاف کی جنگ نہیں بلکہ یہ جنگ قائداعظم کے پاکستان کی جنگ ہے، 14 اگست کو تمام سیاسی جماعتوں کو آزادی مارچ میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں، اب واضح ہو گا کہ کون سی جماعت پرانے نظام کی حامی ہے اور کون سی جماعت تبدیلی چاہتی ہے، تحریک انصاف آخری قدم تک جائے گی اور 11مئی کو عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کو کٹہرے میں لائے گی، اور ان پرآرٹیکل 6لاگو کریں گے، آپریشن ضرب عضب حکومت نے کے پی کے کی حکومت اور مجھے اعتماد میں لئے اور بتائے بغیر شروع کیا، مگر کے پی کے کی حکومت اور تحریک انصاف کی حکومت متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز یہاں ہونے والے پنجاب کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقعہ پر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، جاوید ہاشمی، اعجاز احمد چوہدری، ڈاکٹر یاسمین راشد، پنجاب کے ٹکٹ ہولڈر ایم این اے اور ایم پی اے سمیت تمام ضلعی وزونل عہدیدار بھی موجود تھے،

عمران خان نے کہا کہ 14اگست کو ہم پاکستان کو حقیقی آزادی دلائیں گے، اس دن پاکستان کے اندر الیکشن کمیشن کے نظام کو تبدیل کر کے نیا پاکستان بنائیں گے کیونکہ موجودہ نظام کے تحت کوئی پڑھا لکھا انسان آگے نہیں آ سکتا، 11مئی کو عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کو عدالت کے کٹہرے میں لائیں گے اور ان پر آرٹیکل 6 کے تحت قانونی ایکشن ہو گا، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس نے دو بار مینار پاکستان پر جلسہ کر کے ثابت کیا تھا کہ ہم اس ملک کی دوسری بڑی جماعت ہیں اور 14اگست کو اسلام آباد میں 10لاکھ لوگوں کو اکٹھا کر کے پھر ثابت کریں گے اور ہم تمام سیاسی جماعتوں کو جو ہمارے نظریہ سے اتفاق کرتی ہیں ان کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور 14اگست کو ہمارے آزادی مارچ میں شامل ہوں، یہ جنگ میری یا تحریک انصاف کی جنگ نہیں ہے بلکہ یہ جنگ قائداعظم کے حقیقی پاکستان کی جنگ ہے، جس کو عوام کی قوت سے کامیاب بنائیں گے، عمران خان نے کہا کہ 14 اگست کو پاکستان کو حقیقی آزادی دلا کر رہیں گے کیونکہ یہ عمران خان کی نہیں نئے پاکستان کی جنگ ہے ہم نے پارلیمنٹ میں بھی آواز اٹھائی مگر کچھ نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے آئی ڈی پیز کے حوالے سے کہا کہ متاثرین کی ذمہ داری وفاقی حکومت کی بھی ہے اگر انھیں آپریشن کا اگر پتا چلتا تو تیاری کر لیتے۔ صوبائی حکومت کے پاس وسائل نہیں ہیں اس کے باوجود متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔میاں نواز شریف کو اگر اپنے بزنس سے فرصت ملے تو انہیں پتا چلتا کہ آئی ڈی پیز کا کیا حال ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی اور شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تبدیلی ایک دن میں نہیں آتی اس کے لیے سب کو منظم ہونا ہو گا 14 اگست کو کارکن کشتیاں جلا کر نکلیں یہ فائنل مارچ ہو گا۔