سوئی سدرن گیس کمپنی کو نجی سیکٹر میں دینے کی تیاریاں ،گریڈ 3سے 6کے ملازمین کوتحریری امتحان کے ذریعے ترقی دینے کیلئے نجی انسٹی ٹیوٹ کو70لاکھ روپے کا ٹھیکہ دیدیا گیا

بدھ 9 جولائی 2014 07:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جولائی۔2014ء)سوئی سدرن گیس کمپنی کو نجی سیکٹر میں دینے کی تیاریاں ،ابتدائی مرحلے میں گریڈ 3سے گریڈ6کے ملازمین کوتحریری امتحان کے زریعے ترقی دینے کے لئے نجی انسٹی ٹیوٹ کو70لاکھ روپے کا ٹھیکہ دے دیا گیا ، سندھ ہائی کورٹ میں ترقیوں کے لئے دائر درخواستوں کے باوجود ترقیوں سے محروم ملازمین کا سوئی سدرن کراچی ٹرمینل کے باہر احتجاجی دھرنا ،تحریری امتحان دینے سے انکار کرتے ہوئے مدت ملازمت کے مطابق ترقیوں کا مطالبہ کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کراچی میں گزشتہ 8سال سے ترقیوں سے محروم ملازمین کے لئے انتظامیہ نے تحریری امتحان لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس ضمن میں انتظامیہ نے300افسران کو گریڈ 3سے گریڈ6کے درمیان ترقی دینے کے لئے 8جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر افسران سے امتحانات لئے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

منگل کو لئے جانے والے تحریری امتحان کا ملازمین نے مکمل بائیکاٹ کر دیا ۔

سوئی سدرن گیس آفیسرز ایسوسیشن نے کہا ہے کہ گزشتہ 3سال سے انتظامیہ تحریری امتحان کے زریعے من پسند ملازمین کو ترقی دینے کے لئے کوششوں میں مصروف ہے لیکن انتظامیہ سوئی سدرن گیس کمپنی میں پرانے ترقی دینے کے رائج نظام پی ایم ایس (پرموشن مینجمنٹ سروس)کے زریعے ملازمین کو ترقیاں نہیں دے رہی جو بہتر ترقی دینے کا نظام تھا ۔ذرائع کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کی انتظامیہ نے روازنہ کی بنیاد پرملازمین کے امتحان کے لئے ایک نجی انسٹیٹیوٹ کو 70لاکھ روپے کا ٹھیکہ دیا ہے جو ملازمین کی ترقی کے لئے سوئی سدرن گیس کمپنی کراچی ٹرمینل سے متصل جی ٹی آئی انسٹیٹیوٹ میں ملازمین کا تحریری امتحان لے گا ۔

ذرائع نے بتایا کہ سوئی سدرن کمپنی نے300ملازمین کو ترقی دینے ہے اور تمام ملازمین کو تحریری امتحان دینے کے لئے ایک ساتھ اس لئے نہیں طلب کیا جارہا کہ تمام ملازمین نے اگر ایک ساتھ احتجاج کر دیا تو یہ بڑا احتجاج نہ بن جائے اس لئے انتظامیہ روزانہ 26سے30ملازمین کا تحریری امتحان لے رہی ہے ۔ سوئی سدرن گیس آفیسرز ایسوسیشن کے مطابق ملازمین نے منگل کو بھی تحریری امتحان کا مکمل بائیکاٹ کیا اور کراچی ٹرمینل کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا اور آج(بدھ) کو بھی امتحان کا مکمل بائیکاٹ اور احتجاجی دھرنا دیا جائے گا ۔

واضح رہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی میں 8سال سے ترقی سے محروم ملازمین نے سندھ ہائی کورٹ میں ترقی کے لئے مختلف وقتوں میں 3آئینی درخواستیں بھی جمع کرارکھی ہیں جن کی سماعت تاحال سندھ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے ۔اس ضمن میں سوئی گیس کمپنی کے ترجمان سے متعدد بار موقف جانے کے لئے ان کے موبائل فون پر رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے فون اٹھانے سے گریز کیا ۔

متعلقہ عنوان :