انتخابی اصلاحاتی کمیٹی میں ایوان بالا کی نمائندگی کے حوالے سے فیصلہ نہ ہوسکا ،سپیکر قومی اسمبلی کی واپسی کے بعد مشترکہ اجلاس بلا کر دونوں ایوانوں میں نمائندگی سے متعلق غور کیا جائے گا، اجلاس میں فارمولہ طے کیا جائے گا کہ کتنی نمائندگی ہوگی، راجہ ظفرالحق

بدھ 9 جولائی 2014 07:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جولائی۔2014ء)چےئرمین سینٹ کی سربراہی میں انتخابی اصلاحاتی کمیٹی میں ایوان بالا کی نمائندگی کے حوالے سے فیصلہ نہ ہوسکا سپیکر قومی اسمبلی کی واپسی کے بعد مشترکہ اجلاس بلا کر دونوں ایوانوں میں نمائندگی سے متعلق غور کیا جائے گا۔منگل کے روز چےئرمین سینیٹ نےئر حسین بخاری کی زیر صدارت سینیٹ کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق اور قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے شرکت کی،اجلاس میں سید خورشید شاہ نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں غور کیا گیا کہ انتخابی اصلاحاتی کمیٹی میں ایوان بالا کی نمائندگی کیا ہوگی،تاہم اجلاس میں کوئی فیصلہ نہ ہوسکا،

اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ظفرالحق نے کہا کہ سپیکر قومی اسبملی کے بیرون ملک سے واپسی کے بعد سینیٹ اور اسمبلی کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا جس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ کس ایوان کی کتنی نمائندگی ہوگی۔

(جاری ہے)

سپیکر کی آمد کے بعد بلائے جانے والے اجلاس میں سینیٹر اسحاق ڈار،چےئرمین سینیٹ راجہ ظفر الحق اور اعتزاز احسن سمیت دیگر بھی شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں فارمولہ طے کیا جائے گا کہ کتنی نمائندگی ہوگی،عام طور پر اس طرح کی کمیٹیوں میں قومی اسمبلی کی نمائندگی دو تہائی اور سینیٹ کی نمائندگی ایک تہائی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اجلاس بلانے کے حوالے سے چےئرمین سینیٹ کو کوئی درخواست نہیں دی تھی اور اس حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

متعلقہ عنوان :