وزیراعظم کی چوہدری نثار کو ملک بھر کی سیکورٹی فول پروف بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت،وزیر داخلہ نے نواز شریف کو امن وامان کی مجموعی صورتحال سے متعلق بریفنگ،مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی یا اجلاس جلد بلانے کی تجویز بھی دی

بدھ 9 جولائی 2014 06:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جولائی۔2014ء) وزیر اعظم نواز شریف نے اسلام آباد سمیت ملک بھر کی سیکورٹی فول پروف بنانے کے لئے وزیر داخلہ چوہدری نثار کو صوبوں سے مل کر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیر اعظم ہاوٴس میں نواز شریف سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال، آپریشن ضرب عضب، تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی احتجاجی تحر یکوں سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کو اسلام آباد سمیت ملک بھر کی سیکورٹی فول پروف بنانے کے لئے صوبوں سے ملکر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق اس دوران شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب اورآئی ڈی پیز سے متعلق امور پر بھی مشاورت ہوئی۔

(جاری ہے)

آپریشن ضرب عضب کے ممکنہ رد عمل سے نمٹنے کی حکمت عملی اور اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران اہم اداروں میں سربراہوں کی تعیناتی کے معاملے پر بھی بات ہوئی اور فیصلہ کیاگیا یہ نادرا کے مستقل چئیرمین کا تقرر میرٹ پرکیا جائے گا۔وزیر داخلہ نے نواز شریف کو امن وامان کی مجموعی صورتحال سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ وزارت کے تمام امور مکمل طور پر دیکھ رہے ہیں، چوہدری نثار نے وزیر اعظم کو مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی یا اجلاس جلد بلانے کی تجویز بھی دی۔