خیبرپختونخوا حکومت نے آئی ڈی پیز کو امدادی رقم کی فراہمی شروع کردی،متاثرین کو رمضان پیکیج کی مد میں 5 ہزار اور مکان کے کرائے کی مد میں 3 ہزار روپے دیئے جارہے ہیں، پہلے مرحلے میں 113 متاثرہ خاندانوں کو رقم فراہم کردی گئی

منگل 8 جولائی 2014 07:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جولائی۔2014ء)خیبرپختونخوا حکومت نے شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے متاثرہ خاندانوں میں امدادی رقم کی فراہمی کا عمل شروع کردیا جبکہ پہلے مرحلے میں 113 متاثرہ خاندانوں کو رقم فراہم کردی گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے باعث متاثرہ خیموں میں قیام پذیر رجسٹرڈ متاثرہ خاندانوں میں امدادی رقم کی فراہمی کا عمل شروع کردیا جبکہ امدادی رقوم موبائل فون سمز کے ذریعے کی جارہی ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے پہلے مرحلے میں 113 متاثرہ خاندانوں کو امدادی رقم دی گئی۔

حکومت کی جانب سے پہلے مرحلے میں متاثرین کو 8،8 ہزار روپے فراہم کئے گئے ہیں جس میں رمضان پیکج کی مد میں 5 ہزار روپے اور مکان کے کرائے کی مد میں 3 ہزار روپے دیئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی تعداد 7 لاکھ 59 ہزار 835 ہوچکی ہیں جن کی دیکھ بھال کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتیں کوششیں کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین بنوں ، ڈی آئی خان اور لکی مروت میں قائم خیموں میں قیام پذیر ہیں جن کی امداد کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت نے رقم کی فراہمی کا اعلان کیا تھا، صوبائی حکومت کے علاوہ وفاقی حکومت نے متاثرین کو رمضان پیکیج کی مد میں 20 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :