نیشنل سیکیورٹی ایجنسی نے انٹرنیٹ سے 9 لاکھ افراد کا ڈیٹا حاصل کر لیا ، پا کستا نی بھی ان افراد میں شا مل، ایبٹ آباد کا محمد طاہر شہزاد جو بم بنانے کا ماہر اور القاعدہ کا اہم رکن ہے کا ڈیٹا بھی حا صل کر لیا گیا ہے ، امریکی اخبار کا دعو ی

پیر 7 جولائی 2014 05:04

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جولائی۔2014ء)امریکی ادارے نیشنل سیکیورٹی ایجنسی نے خصوصی قانون کے ذریعے دنیا بھر میں کن کن لوگوں کی نگرانی کی اور ان کا مواد حاصل کیا۔اس کی تفصیلات امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے جاری کردی ہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق ان تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ نیشنل سیکیورٹی ایجنسی نے بارک اوبامہ کے پہلے دور حکومت کے چار سال میں نو لاکھ افراد کا انٹرنیٹ ڈیٹا حاصل کیا۔

ان میں امریکی اور غیر امریکی سب شامل ہیں۔غیر امریکیوں میں سرکاری عہدیداران اور عام شہری بھی شامل ہیں۔واشنگٹن پوسٹ نے دعوی کیا ہے کہ اس نے یہ تفصیلات ایڈورڈ اسنوڈن کی مدد سے حاصل کی ہیں۔امریکی خفیہ ایجنسی نے ٹارگٹڈ افراد سے نو گنا زیادہ عام افراد کا ڈیٹابھی حاصل کیا۔

(جاری ہے)

ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے خصوصی پروگرام تشکیل دیئے گئے ، جن کے کوڈ ورڈ پرزم اور اپ اسٹریمنگ رکھا گیا۔

ان پروگرامز کے ذریعے ، یاہو ، مائیکرو سافٹ ، گوگل ، فیس بک اور پانچ دیگر بڑی انٹرنیٹ کمپنیز پر انٹر نیٹ استعمال کرنے والوں کی نگرانی کی گئی۔

امریکی اخبار کے مطابق این ایس اے نے جس قدر ڈیٹا حاصل کیا ہے اتنا اب تک امریکا کی کسی گورنمٹ باڈی نے حاصل نہیں کیا۔اس پریکٹس سے خاصا قابل ذکر مواد امریکی ایجنسی نے حاصل کیا ہے جبکہ بہت سا غیر متعلقہ موادبھی ان کے ہاتھ لگا ہے تاہم اسے بھی ضائع کرنے کے بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی۔

امریکی خفیہ ایجنسی کے عہدیداروں نے امریکی اخبار کے رابطے پر اس خبر کی تصدیق یا تردید سے انکار کیا ہے۔جن افراد کا ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے ان میں ایبٹ آباد کا محمد طاہر شہزاد بھی شامل ہے جو اس مواد کی تیارکی کیبعد دو ہزار گیارہ میں پکڑا گیا۔طاہر شہزاد کو بم بنانے کا ماہر اور القاعدہ کا اہم رکن مانا جاتاہے۔