ایوان صدر میں نئے چیف جسٹس کی حلف برداری تقریب کے موقع پر وزیراعظم کی صدر ممنون حسین سے ملاقات،شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن و دیگر اہم امور پرتبادلہ خیال،وزیراعظم کی مسلح افواج کے سربراہوں سے بھی غیر رسمی ملاقاتیں، افواج پاکستان سے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ، پوری قوم ملکی سلامتی بالخصوص آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے سیسہ پلائی دیوار کی طرح افواج پاکستان کے پیچھے کھڑی ہے،نوازشریف

پیر 7 جولائی 2014 04:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جولائی۔2014ء)ایوان صدر میں ملک کے نئے چیف جسٹس ناصر الملک کی حلف برداری تقریب کے موقع پر وزیراعظم محمد نوازشریف نے صدر ممنون حسین سے ملاقات جس میں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن اور دیگر اہم امور پرتبادلہ خیال کیا جبکہ وزیراعظم کی مسلح افواج کے سربراہوں سے بھی غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں جن میں وزیراعظم نے افواج پاکستان سے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین کے درمیان ملاقات میں ملکی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اتوار کے روز چیف جسٹس ناصر الملک کی تقریب حلف برداری کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین کے درمیان ملاقات ایوان صدر میں ہوئی جس میں نواز شریف نے صدر کو شمالی وزیرستان آپریشن اور دیگر ملکی حالات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف کی مسلح افواج کے سربراہاں سے غیر رسمی ملاقات۔شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن سمیت ملکی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال ۔اتوار کو ایوان صدر میں چیف جسٹس ناصر الملک کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے تینوں مسلح افواج کے سربراہاں سے غیر رسمی ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے مسلح افواج کے سربراہان کو اس بات کا یقین دلایا کہ حکومت، پوری قوم ،ملکی سلامتی ،باالخصوص شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے لئے سیسہ پلائی دیوار کی طرح افواج پاکستان کے پیچھے کھڑی ہے۔ افواج پاکستان کی تمام ضروریات کو پورا کریں گے۔