حکومت جانے والی ہے ،قوم 15دن انتظار کرے،شیخ رشید،موجودہ اسمبلیوں میں کچھ نہیں رکھا ،پاکستان کے مسائل کا واحد حل حکومت سے نجات حاصل کرنا ہے،حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے قوم کو گھروں سے باہر نکلنا ہوگا، کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 6 جولائی 2014 06:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جولائی۔2014ء )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت جانے والی ہے ،قوم 15دن انتظار کرے ۔نواز سرکار90کے زوایے سے گرے گی ۔ہفتہ کو کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے قوم کو حکومت کے رخصت ہونے کا وقت بتادیا اور یہ نوید سنائی کہ اب حکومت 15دن کی مہمان ہے قوم انتظار کرے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلیوں میں کچھ نہیں رکھا ہے ۔

پاکستان کے مسائل کا واحد حل حکومت سے نجات حاصل کرنا ہے ۔حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے قوم کو گھروں سے باہر نکلنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ملکی سیاسی انتہائی نازک دوراہے پر ہے ۔اندرونی اور بیرونی سیکورٹی خدشات لاحق ہیں ۔حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے سیاسی محاذ آرائی پر لگی ہوئی ہے اور یہ محاذ آرائی حکومت کے خاتمے کا ذریعہ ثابت ہوگی ۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہا کہ طاہر القادری اور عمران خان جلد یک زبان ہوجائیں گے ۔امید رکھتا ہوں کہ دونوں لیڈر دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر قوم کو مسائل سے نجات دلائیں گے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور چوہدری نثار علی خان کی ملاقات اور دوریاں ختم ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے ۔قوم کے نزدیک اس ملاقات کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔

نواز حکومت جلد گھٹنوں کے بل گرنے والی ہے ۔قومی حکومت کے سوال پر انہوں نے کہا کہ قومی حکومت کا قیام قبل از وقت ہے ۔جب قوم کو حکمرانوں سے نجات مل جائے گی تو پھر قومی حکومت کے معاملے پر بات کی جائے گی ۔سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس کے بیٹے کو سرکاری سطح پر جو ترقیاں ملی ہیں وہ ان کے والد کی سفارش پر ملی ہیں اور اپنے صاحبزادے کے معاملے پر افتخار چوہدری نے ہمیشہ اپنے بیٹے کی حمایت کی اور ان کا ساتھ دیا جو ناانصافی مترادف ہے ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جو جلسہ کررہی ہے وہ ایک اچھا اقدام ہے ۔میں اس جلسے میں شرکت کروں گا ۔

متعلقہ عنوان :