پاک بھارت وزرائے تجارت کے درمیان 24 جولائی کو ایک اہم ملاقات ہوگی ، تجارت کو نئی جہت دینے اور اس میں حائل رکاوٹوں کو ہٹانے کے سلسلے میں کئی اہم فیصلے متوقع

اتوار 6 جولائی 2014 06:08

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جولائی۔2014ء) پاکستان اور بھارت کے درمیان خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر بات چیت سے قبل وزرائے تجارت کے درمیان رواں ماہ کی 24 تاریخ کو ایک اہم اجلاس ہوگا جس میں تجارت کو نئی جہت دینے اور اس میں حائل رکاوٹوں کو ہٹانے کے سلسلے میں کئی اہم فیصلے متوقع ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کی 24 تاریخ کو ایک اہم میٹنگ منعقد ہورہی ہے جس میں سافنا سے وابستہ ملکوں کے وزرائے تجارت شرکت کررہے ہیں۔

بھارتی وزیر تجارت نرملا سیتارمن اور پاکستانی وزیر تجارت خرم دستگیر بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک نے اس بارے پہلے ہی اتفاق کیا ہے کہ ان کے وزرائے تجارت کانفرنس میں تجارت کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں وزارت تجارت کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک تجارت کے حوالے سے ایک نیا روڈ میپ تشکیل دینے کی کوشش کریں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ وزرائے تجارت کی میٹنگ میں جہاں تجارتی رشتوں کو مضبوط بنانے کی کوشش کی جائے گی وہیں اس میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر تجارت نرملا سیتارمن نے واضح طور پر کہا ہے کہ بھارت تجارت سے جڑے معاملات کو مثبت انداز سے اٹھائے گا تاکہ تجارت کو نئی سمت دی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :