شمالی وزیرستان میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ سے درجنوں دہشت گرد ہلاک، متعدد ٹھکانے تباہ ، میران شاہ سے بارودی سرنگوں کا بہت بڑا ذخیرہ بر آمد،شہید ہونے والے نائیک فیاض محمد کی نماز جنازہ بنوں میں ادا کردی گئی

اتوار 6 جولائی 2014 06:06

میرانشاہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جولائی۔2014ء)سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ضرب عضب کے دوران دہشتگردوں کے مزید کئی ٹھکانے تباہ کردیئے ہیں۔شمالی وزیرستان میں جہاں زمینی کارروائیاں کی جارہی ہیں وہیں ایجنسی کے مختلف علاقوں میں جیٹ طیاروں اور گن شپ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے دہشتگردوں کی کمین گاہوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق میرانشاہ اور بویاگاؤں میں آج صبح دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں اکثریت ازبک دہشت گردوں کی تھی، کارروائی میں دہشت گردوں کے 5 ٹھکانوں کے علاوہ بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کردیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن میں پاک فوج کو کامیابی حاصل ہورہی ہے اور اب تک 400 سے زائد دہشتگردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میران شاہ سے بارودی سرنگوں کا بڑا ذخیرہ بر آمد کر لیا گیا ، یہ سرنگیں کئی گھروں کے ساتھ بچھائی گئی تھیں ، ایک سرنگ کے دھماکے میں نائیک فیاض محمد شہید ہو گئے،شہید ہونے والے نائیک فیاض محمد کی نماز جنازہ بنوں میں ادا کردی گئی جس کے بعد میت کو شہید کے آبائی گاو ں مانسہرہ روانہ کردیا گیا۔