عالمی برادری شمالی وزیرستان کے متاثرین کی امداد کرے‘ ملالہ یوسفزئی،متاثرین اس مشکل وقت میں امید نہ ہاریں ثابت قدم رہیں، پا کستا نی سوات آپریشن کی طرح، شمالی وزیرستان کے بہن بھائیوں کی مہمان نوازی کر یں ، بیان

ہفتہ 5 جولائی 2014 07:51

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جولائی۔2014ء)ملالہ یوسف زئی نے عالمی برادری اور پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنے والوں کی مدد کی جائے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھاکہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے باعث لاکھوں افراد نقل مکانی کرچکے ہیں، انھیں خوراک اور کپڑے سمیت بنیادی ضروری اشیاء کی ضرورت ہے، ملالہ یوسف زئی کا کہناتھا کہ سوات آپریشن کے دوران ان کے خاندان کا دوستوں اوررشتے داروں نے ساتھ دیاتھا، ان کی مہمان نوازی کے بغیر زندگی بسر کرنا مشکل تھا، ملالہ نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ سوات آپریشن کی طرح، شمالی وزیرستان کے بہن بھائیوں کی مہمان نوازی کریں۔

انھوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ متاثرین کی مدد کے لیے مقامی امدادی کوششوں میں مدد فراہم کرے۔ ملالہ یوسف زئی نے متاثرین سے کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں امید نہ ہاریں بلکہ ثابت قدم رہیں۔