بھارتی جیلوں میں قید 9 پاکستانی واہگہ بارڈر پر حکام کے حوالے،بھارتی جیلوں سے سزا پوری کر کے آنے والوں میں 5 ماہی گیر اور 4 سویلین شامل،قیدیوں کے واہگہ بارڈر پہنچنے پر رینجرز اہلکاروں نے کا استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے،دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے 9پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کی تصدیق کردی، امیدہے بھارت وہ تمام پاکستانی قیدی رہا کرے گا جو اپنی سزا پوری کر چکے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

ہفتہ 5 جولائی 2014 07:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جولائی۔2014ء) بھارتی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں میں سے 9 کو پاکستان کے حوالے کردیا گیا۔ تفصیلا ت کے مطابق بھارتی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں میں سے 9 کو واہگہ بارڈر پر رینجرز حکام کے حوالے کیا گیا، بھارتی جیلوں سے سزا پوری کر کے آنے والوں میں 5 ماہی گیر اور 4 سویلین شامل ہیں، پاکستان پہنچنے والوں میں 2 قیدی ویزہ ایکسپائر ہونے کی وجہ سے گزشتہ 8 سال سے بھارتی جیل میں قید تھے جبکہ 2 قیدیوں کوغیر قانونی طور پر بھارت میں داخلے کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور 8 سال بعد انہیں آزادی دی گئی جن میں ایک بزرگ شخص کو سزا مکمل ہونے کے باوجود 4 سال تک جیل میں رکھا گیا۔

بھارتی جیلوں سے رہائی پانے والے 5 ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ وہ غلطی سے دوران شکار بھارتی حدود میں داخل ہوگئے تھے جس پر بھارتی سمندری فورسز نے انہیں حراست میں لیا اور غلطی سے حدود میں داخل ہونے کی 6 سال سزا دی۔

(جاری ہے)

قیدیوں کے واہگہ بارڈر پہنچنے پر رینجرز اہلکاروں نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے جبکہ تفتیش مکمل ہونے پر انہیں اہلخانہ کے حوالے کردیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی جیلوں میں اب بھی 139 ماہی گیروں سمیت 396 پاکستانی قید ہیں جبکہ پاکستانی جیلوں میں بھارتی قیدیوں کی تعداد 296 ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ بھارت کی جانب سے قیدیوں کے حوالے سے فراہم کردہ فہرست سے کئی گنا زیادہ پاکستانی بھارتی جیلوں میں قید ہیں جبکہ بعض سزائیں مکمل ہونے کے باوجود پابند سلاسل ہیں۔

ادھردفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے 9پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کی تصدیق کرتے ہو ئے اس امید کا اظہا رکیا ہے کہ بھارت وہ تمام پاکستانی قیدی رہا کرے گا جو اپنی سزا پوری کر چکے ہیں ، تاحال 477پاکستانی قیدی ابھی بھی بھارتی جیلوں میں قید ہیں ،22عام قیدیوں نے اپنی سزا پوری کرنے کے باوجود وہاں قید ہیں ۔ جمعہ کے روز دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت نے 9پاکستانی قیدی رہا کر دئییہیں جن میں 4عا م شہری اور 5مچھیرے ہیں ۔

ترجمان نے کہا ہے کہ 477پاکستانی قیدی ابھی بھی بھارتی جیلوں میں قید ہیں جن میں 346عام شہری اور 131مچھیرے ہیں ۔جن میں سے 22عام قیدیوں نے اپنی سزا پوری کر لی ہے ،26مئی کو پاکستان نے اچھے رویے کے طور پر 151بھارتی قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا تھا جس کے بعد 1عام شہری اور 150بھارتی مچھیرے رہا کئے گئے تھے ۔پاکستان سمجھتا ہے کہ قیدیوں کا معاملہ انسانی حقوق کا ہے اور اس کو اسی طرے لینا چاہیے ہم امید کر تے ہیں کہ بھارت وہ تمام پاکستانی قیدی رہا کرے گا جو اپنی سزا پوری کر چکے ہیں