آ پریشن ضرب عضب ضرب حق ہے، ملک کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے ، پاکستان عوامی تحریک،افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہر پاکستانی کا قومی فریضہ ہے ،افواج پاکستان ملکی امن کی بحالی کی جنگ لڑ رہے ہیں ،انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے میں حکومت ناکام ہو ئی،پاکستان عوامی تحریک کا ہر کارکن افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے،چودھری افضل گجر،سلطان محمود چودھری، ارشاد طاہر،حافظ غلام فرید اوررحیق عباسی کا مختلف شہروں میں ریلیوں سے خطاب

ہفتہ 5 جولائی 2014 07:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جولائی۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہاہے کہ آ پریشن ضرب عضب ضرب حق میں ملک کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے ،افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہر پاکستانی کا قومی فریضہ ہے ،افواج پاکستان ملکی امن کی بحالی کی جنگ لڑ رہے ہیں ،انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے میں حکومت ناکام ہو ئی،پاکستان عوامی تحریک کا ہر کارکن افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، ان خیالات کا اظہار مختلف شہروں میں پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ہدایت پر پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کیا ۔

ملک بھر کے بڑے شہروں میں پاکستان عوامی تحریک کی ریلیوں میں ہر جگہ ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں آبپارہ چوک سے نیشنل پریس کلب تک پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی ریلی کی قیادت عوامی تحریک کے مرکزی رہنما رحیق عباسی نے کی جبکہ درجنوں کارکنوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے ۔

لاہور میں ایوان اقبال تا پریس کلب موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ ریلی میں شریک مظاہرین نے پاک افواج کے دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے حق میں اور دہشت گردوں کے خلاف نعرے لگائے ۔ مظاہرین نے کتبے ،بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے ۔

ریلی کی قیادت پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر،سلطان محمود چودھری، ارشاد طاہراورحافظ غلام فرید نے کی ۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چودھری افضل گجر نے کہا کہ آ پریشن ضرب عضب ضرب حق میں ملک کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے ۔افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہر پاکستانی کا قومی فریضہ ہے ۔افواج پاکستان ملکی امن کی بحالی کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے میں حکومت ناکام ہو ئی ۔پاکستان عوامی تحریک کا ہر کارکن افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے ۔

پریس کلب کے باہر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک لاہور چودھری سلطان محمود چودھری نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری امن کے سفیر ہیں انہوں نے دہشت گردی کے خلاف سب سے پہلے آواز اٹھائی اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے میں بھی پہل کی ۔ہر پاکستانی آپریشن کی حمایت میں افواج پاکستان کے ساتھ ہے اب دہشت گردوں کیلئے پاک دھرتی میں کوئی جگہ نہیں ۔

ارشاد طاہر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا ہر رکن افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور قوم کا بچہ بچہ اپنی بہادر اور غیور افواج پر فخر کر رہا ہے۔آج حالات تقاضا کرتے ہیں کہ افواج پاکستان کو مکمل سپورٹ کیا جائے ۔حافظ غلام فرید نے کہا کہ افواج پاکستان قوم کا فخر ہیں اور آج دہشت گردی کے خلاف آپریشن پوری قوم کے دل کی آواز ہے ۔اس موقع پر الطاف رندھاوا نے بھی خطاب کیا۔