مسلم لیگ ن نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو منا لیا،جلد وزیراعظم سے ملاقات کریں گے،چوہدری نثار علی خان سے معاملات طے پاگئے ہیں مسلم لیگ ن میں کوئی اختلافات نہیں ہیں،عابد شیر علی، پارٹی سے علیحدگی کا سوچ بھی نہیں سکتا، میں بیمار تھا ،مزید چیک اپ کیلئے بیرون ملک جانے کا ارادہ ہے، بیرون ملک جانے سے پہلے ایک دفعہ اسمبلی ضرور جاؤں گا،چوہدری نثار

جمعرات 3 جولائی 2014 05:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جولائی۔2014ء) مسلم لیگ ن نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو منا لیا ، چوہدری نثار علی خان جلد وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان سے معاملات طے پاگئے ہیں مسلم لیگ ن میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر زاہد حامد‘ عابد شیر علی‘ طارق فضل چوہدری ‘ شیخ آفتاب سمیت 30 اراکین اسمبلی نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی۔

ن لیگ کے اراکین کی چوہدری نثار کی خیریت دریافت کی۔ اراکین اسمبلی اور چوہدری نثار کے درمیان ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اراکین نے چوہدری نثار علی خان سے کہا کہ آپ پارٹی کا چہرہ ہیں اپنا فعال کردار ادا کریں اپ فعال ہوں اپوزیشن پروپیگنڈہ کررہی ہے ،

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وہ پارٹی سے علیحدگی کا سوچ بھی نہیں سکتا ،میں بیمار تھا ،دل کی تکلیف تھی ،انجیو گرافی کرائی جو ٹھیک ہے ،مزید چیک اپ کرانے کیلئے بیرون ملک جانے کا ارادہ ہے بیرون ملک جانے سے پہلے ایک دفعہ اسمبلی ضرور جاؤں گا،خیریت دریافت کرنے پر انہوں نے اراکین پارلیمنٹ کا شکریہ اداکیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنی بیماری سے متعلق کسی کو نہیں بتانا چاہتا تھا لیکن میڈیا نے سب کو آگاہ کردیا ۔ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں کوئی اختلافات نہیں ہیں پارٹی نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ چوہدری نثار سے معاملات طے پا گئے ہیں ن لیگ میں قطعاً کوئی اختلاف نہیں۔ میجر ریٹائرڈ طاہر اقبال نے کہاکہ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے چوہدری نثار علی خان جلد وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔