خورشید شاہ کی سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات،انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل جلد کرنے پر اتفاق،سپیکر نے اب تک ملنے والے نام خورشید شاہ کو بتادیئے، اپوزیشن لیڈر کی چند روز میں نام دینے کی یقین دہانی،مسلم لیگ ن نے سپیکر قومی اسمبلی کو انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کے لیے7 نام پیش کر دئیے،چیئر مین سینیٹ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے آج تک نام دینے کی ہدایت

بدھ 2 جولائی 2014 06:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جولائی۔2014ء)قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے منگل کو یہاں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی اور ان سے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے قیام، تحفظ پاکستان بل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ باخبر ذرائع کے مطابق ملاقات میں سپیکر نے زور دیا کہ وزیراعظم کے مراسلہ کی روشنی میں انتخابی اصلاحات کمیٹی کا قیام جلد از جلد ہوناچاہئے اس مقصد کیلئے اپوزیشن جماعتیں جلد اپنے نام دیں تاکہ یہ کمیٹی اپنا کام شروع کر سکے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں سپیکر نے اب تک مختلف جماعتوں کی طرف سے ملنے والے ناموں کے حوالہ سے بھی خورشید شاہ کو آگاہ کیا اور انہوں نے یقین دلایا کہ وہ چند روز میں دیگر اپو زیشن جماعتوں سے صلاح مشورہ کے بعد انتخابی اصلاحات کمیٹی کیلئے نام دیدیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کے لئے جب نام مل جائیں گے تو کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائیگا۔

ادھرمسلم لیگ ن نے سپیکر قومی اسمبلی کو انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کے لیے سات نام پیش کر دئیے ہیں جبکہ سپیکر نے چیئر مین سینیٹ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے آج بدھ کو نام دینے کی ہدایت دی ہے ذرائع نے بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی کو مسلم لیگ نے سات نا م بجھو ا دئیے ہیں جن میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار ،،وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی زاہد حامد ،وفاقی وزیر سیفران جنرل عبدلقادر بلوچ وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان ،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور عبدلحکیم شامل ہیں ذرائع نے مزید بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیئر مین سینیٹ اور دیگر پوزیشن کی جماعتوں کو آج تک نام دینے کی ہدایت کر دی ہے