غازی عبدالرشید قتل کیس ، پرویزمشرف کو عدالت حاضری سے ایک دن کا استثنیٰ منظور، 23جولائی کو ہر صورت پیش ہونے کا حکم،عدالت نے پرویز مشرف کے دونوں ضامن کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا

بدھ 2 جولائی 2014 06:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جولائی۔2014ء )عدالت نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو آئندہ سماعت میں ہر صورت پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت کی، سماعت کے آغاز میں سابق صدر کے وکیل اختر شاہ نے اپنے موکل کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کراتے ہوئے انہیں عدالت حاضری سے مستثنیٰ قرار دینے کی درخواست کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے موقف اختیار کیا کہ میڈیکل رپورٹ کراچی کے ایک نجی اسپتال کے5 ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے تیار کی ہے۔ جس کے مطابق پرویز مشرف حرکت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ پرویز مشرف سکیورٹی خدشات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، ہم پرویز مشرف کی مستقل نہیں صرف آج کی حاضری سے استثنیٰ چاہتے ہیں۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے پرویزمشرف کو عدالت حاضری سے ایک دن کا استثنیٰ دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ ملزم اور ان کے ضامن آئندہ سماعت پرعدالت میں ہر صورت پیش ہوں، عدم حاضری پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ کیس کی مزید سماعت 23 جولائی کو ہوگی۔