کل جماعتی کانفرنس عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف تھی، رانا مشہود ،سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات ہو رہی ہے۔ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائیں گے ۔ملک لاشوں کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا،وزیر قانون پنجاب کی میڈیا سے گفتگو

منگل 1 جولائی 2014 08:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جولائی۔2014ء)وزیر قانون پنجاب رانا مشہود نے کہا ہے کہ کل جماعتی کانفرنس عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف تھی ۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات ہو رہی ہے۔ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائیں گے ۔ملک لاشوں کی سیاست کا مستحمل نہیں ہو سکتا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں ڈاکٹر طاہر القادری کی سربراہی میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف تھی ۔

ڈاکٹر طاہر القادری کانفرنس میں شامل جماعتوں کے نام بھی نہیں جانتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات پر کبھی اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔سانحہ میں جو ملوث ہوا اس کو کٹہرے میں لا کر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ لاشوں کی سیاست کر کے ملک کو غیر مستحکم کرنے چاہتے ہیں ۔

لاشوں کی سیاست نہیں کرنے دیں گے اور نہ ہی ملک اس وقت لاشوں کی سیاست کا متحمل ہو سکتا ہے ۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی صاف و شفاف تحقیقات ہوں گی اور جوڈیشل کمیشن انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کرے گا۔صاف اور شفاف انکوائری کے لئے رانا ثناء اللہ اور توقیر شاہ سے استعفیٰ لیا۔وزیر قانون کا کہنا تھا کہ الیکشن میں ریٹرننگ آفیسر آزاد اور خود مختار ہوتے ہیں ۔عمران خان کو عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے وہ14 اگست کو لانگ مارچ کر کے ملک کی آزادی کو غلامی میں بدلنا چاہتے ہیں حالانکہ 14 اگست کو دنیا میں یہ پیغام جانا چا ہیے تھا کہ ملک ضرب عضب آپریشن سے نمٹنے کے لئے متحد ہے اور لارنگ مارچ اور دھرنے دینے والے غیر ملکی آقاؤں کی زبان بولتے ہیں ۔