فوج کی قوم سے شمالی وزیرستان متاثرین کی امداد کے لئے مزید امداد کی اپیل،رمضان المبارک متاثرین کیلئے امتحان بن گیا،ہزاروں لوگوں کو راشن کارڈ نہ مل سکے

منگل 1 جولائی 2014 08:17

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جولائی۔2014ء)پاک فوج نے کہا ہے کہ آرمی کیمپوں میں متاثرین کی آمد کا سلسلہ بڑی تعداد میں جاری ہے جس کے لئے قوم سے متاثرین کی امداد کی اپیل کرتے ہیں ۔پیر کے روز ترجمان آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی کیمپوں میں متاثرین کی بڑی تعداد آمد جاری ہے جس کے لئے قوم سے متاثرین کی مدد کے لئے اپیل کرتے ہیں اور آئی ڈی پیز کے لئے گلوکوز،کھجور،خشک دودھ اور جنرل واٹر ،صابن ،تولیہ اور برتنوں کی ضرورت ہے۔

آئی ایس پی آر ترجمان نے کہا کہ مخیر حضرات اپنی امداد آرمی ، رینجرز ،ڈی ایچ اے کے مراکز پر جمع کرائی جائیں تاکہ امداد اصل مستحقوں تک پہنچ سکے ۔

شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے باعث نقل مکانی کرنے والے متاثرین مشکلات کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

بنوں میں آئی ڈی پیز کی بڑی تعداد اب تک سرکاری راشن سے محروم ہے،شمالی وزیرستان سے آنے والے متاثرین کیلئے رمضان کڑا امتحان بن گیاہے۔

ہزاروں متاثرین روزانہ راشن کے حصول کیلئے بنوں اسپورٹس کمپلیکس راشن سینٹر پہنچتے ہیں لیکن راشن کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔متاثرین کا کہنا ہے کہ ان کیساتھ نارواسلوک کیا جارہا ہے۔۔متاثرین کے مطابق انہوں نے روزہ پانی سے افطار کیا۔ان کے پاس کھانے کو کچھ نہیں تھا۔متاثرین نے انتظامیہ کیخلاف احتجاج بھی کیا،،اوربنوں کوہاٹ روڈ پردھرنادیکرایک گھنٹے تک ٹریفک بلاک کیے رکھا۔