کیتھے پیسیفک نے کراچی، ایمریٹس و اتحاد نے پشاور سے فضائی آپریشن معطل کردیا،سول ایوی ایشن اتھارٹی نے افسر ملک کوعہدے سے ہٹاکرقواعدکے برخلاف ڈپٹی منیجرعلی جون آغا کوکراچی ایئرپورٹ منیجرمقرر کردیا

منگل 1 جولائی 2014 08:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جولائی۔2014ء )کراچی اور پشاور ایئرپورٹ پر پیش آنے واقعات کے باعث کیتھے پیسیفک نے کراچی، ایمریٹس اوراتحاد نے پشاور سے فضائی آپریشن معطل کردیا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام نے ایئرپورٹ منیجر افسرملک کوان کوعہدے سے ہٹادیااوران کی جگہ قواعدکے برخلاف ڈپٹی ایئرپورٹ منیجرعلی جون آغاکوایئرپورٹ کا منیجر مقرر کر دیا، علی جون آغاکوایئرپورٹ منیجرکی ذمے داریاں بھی عارضی سونپی گئی ہیں۔

علی جون آغابنیادی طورپرالیکٹرونکس انجینئر ہیں، ان کے پاس ایئرپورٹ منیجر کا کوئی تجربہ نہیں جبکہ ایئرپورٹ منیجرکی تقرری کیلیے تربیت اورتجربہ ہونا لازمی ہوتا ہے، اسی طرح سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام نے ملتان ایئرپورٹ کے منیجرفاروق رشید کو ترقی دیکرسینئر جنرل جنرل مینجرچیف فائر آفیسرکراچی ائیرپورٹ مقررکررکھاہے۔

(جاری ہے)

فاروق رشید بنیادی طورپرمکینیکل انجینئر ہیں جبکہ سینئرفائرآفیسراشتیاق سومروکوپہلے ہی سے جبری رخصت پر بھیج رکھاہے،کراچی ایئرپورٹ پردہشت گردی کے واقعے کے روزکوئی بھی سینئر فائرآفیسرموجود نہیں تھے یہی وجہ ہے کہ ٹرمینل میں لگی آگ3دن تک سلگتی رہی۔

کراچی ایئرپورٹ کے واقعے پربعض بین الاقوامی ایئرلائنوں کی انتظامیہ نے شدیدتحفظات کا اظہار بھی کیاہے۔

معلوم ہواہے کہ کیتھے پیسیفک نے پاکستان سے اپنا فلائٹ آپریشن بند کردیا ہے۔کیتھے پیسفک کے جنرل مینجرسیلز سہیل یونس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اتوارکوایئرلائن کی آخری پرواز کراچی سے روانہ ہوئی جس کے بعدکیتھے پیسفک انتظامیہ نے غیر معینہ مدت کیلیے اپنافضائی آپریشن معطل کردیا ہے،دیگرغیر ملکی ایئرلائنزبھی کراچی ایئر پورٹ پرحملے اور سکیورٹی کی وجہ سے اپنے فضائی آپریشن کوغیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے پر غور کررہی ہیں۔

واضح رہے کہ ڈی جی سول ایوی ایشن نے تمام غیر ملکی ایئرلائنز کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس کیا تھا جس میں غیر ملکی ایئرلائنز کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق پشاور میں پی آئی اے کی پروازکولینڈنگ کے دوران دہشت گردی کانشانہ بنانے کی کوشش پرایمریٹس اوراتحادایئرویز نے بھی پشاورسے اپنافضائی آپریشن عارضی طورپر معطل کردیا۔واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پردہشت گردوں کے حملے کے وقت ائیرپورٹ منیجرکی اسامی کاچارچ جزوقتی تھاجبکہ شعبہ فائر اورسیفٹی کے سینئر جنرل مینجر اشتیاق سومروکا تبادلہ لاہور کردیاگیا تھا۔