الیکشن کمیشن نے الیکشن ٹربیونل کی مدت میں 3 سے 6 ماہ کا اضافہ کردیا،وزارت خزانہ نے الیکشن ٹربیونلز کی توسیع میں اخراجات کی منظوری دے دی

منگل 1 جولائی 2014 08:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جولائی۔2014ء) الیکشن کمیشن نے پیر کے روز الیکشن ٹربیونل کی ختم ہونے والی مدت کو 3 سے لے کر 6 ماہ تک اضافہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں اس وقت 11 ٹربیونل کام کررہے ہیں جن کے کنٹریکٹ کی مدت ایک سال تھی جوکہ پیر کو ختم ہوگئی جس پر الیکشن کمیشن نے ٹربیونلز کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کرلیا۔ خیبر پختونخواہ کے ٹربیونلز کو تین ماہ جبکہ باقی تین صوبوں کے الیکشن ٹربیونلز کو چھ ماہ کی توسیع دی جارہی ہے جبکہ الیکشن ٹربیونلز کی توسیع کے اخراجات پر الیکشن کمیشن نے وزارت خزانہ کو سمری بھیجی تھی۔

اسے بھی وزارت خزانہ نے منظور کرتے ہوئے اخراجات کی منظوری دے دی۔ ٹربیونلز کی توسیع کا نوٹیفکیشن ایک سے دو روز میں جاری ہوگا۔

ادھرالیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب ،سندھ اور بلوچستان کے لئے الیکشن ٹریبونل کی مدت میں 6 ماہ توسیع کردی جبکہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں تین ماہ کے لئے توسیع کر دی ۔

(جاری ہے)

پیر کو الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں 11 الیکشن ٹریبونل کی مدت میں توسیع کر دی ہے جن میں پنجاب،سندھ اور بلوچستان کو چھ ماہ کے لئے اور صوبہ خیبر پختونخواہ چھ ماہ کے لئے توسیع کر دی گئی ہے۔

اس سے قبل ملک بھر میں14 الیکشن ٹریبونل کام کررہے تھے جبکہ اب 11 الیکشن ٹریبونل کام کریں گے۔ 2 سندھ اور ایک بلوچستان میں کام کریں گے۔ واضح رہے کہ الیکشن ٹریبونل نے 100 کے قریب انتخابی عذرداریاں التواء شکار ہیں ۔