پی ٹی آئی کا خیبر پختونخوا کے ارکان اسمبلی سے استعفے لینے کا فیصلہ،پارٹی قیادت اورحکومتی بڑوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے ارکان کوذہنی طور پر تیارکرلیں‘ ذرائع ، خیبر پختونخواہ اسمبلی کے استعفے دینے کے حوالے سے غور نہیں ہورہا،پرویز خٹک ،ہم پر کسی نے بھی دھاندلی کاالزام نہیں لگایا جب الزام لگایا جائے گا تو تمام حلقے کھول دینگے،صحافیوں سے گفتگو

منگل 1 جولائی 2014 08:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جولائی۔2014ء ) پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے خیبرپختونخوامیں پارٹی قیادت اور حکومتی بڑوں کو پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی سے استعفے لینے کے بارے میں اقدامات کرنے کی ہدایت کردی ہے جسکے تحت پی ٹی آئی کے ارکان کی ذہن سازی کے بعدان سے استعفے حاصل کیے جائیں گے۔ذرائع نے بتایاکہ پختونخوا میں تحریک انصاف کے ارکان کوتو تاحال باقاعدہ طور پر اپنے استعفے پارٹی قیادت یاوزیراعلیٰ کے حوالے کرنیکی کوئی ہدایت نہیں کی گئی تاہم پارٹی قیادت اورحکومتی بڑوں کو یہ ہدایات ضروردی گئی ہیں کہ وہ اپنے ارکان کوذہنی طور پر تیارکرلیں جسکے بعد ان سے استعفے لے لیں تاکہ اگر اسمبلی کو تحلیل کرنے کے حوالے سے پارٹی کے اندرسے مخالفت کاسامنا ہوتو اس صورت میں مذکورہ استعفوں کواستعمال کیاجاسکے۔

(جاری ہے)


ادھر وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے کہا کہ خیبر پختونخواہ اسمبلی کے استعفے دینے کے حوالے سے غور نہیں ہورہا ہم پر کسی نے بھی دھاندلی کاالزام نہیں لگایا جب الزام لگایا جائے گا تو تمام حلقے کھول دینگے ۔پیر کے روز یہاں خیبر پختونخواہ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ خیبر پختونخواہ اسمبلی نہیں توڑی جائے گی اور نہ ہی استعفے دیئے جائینگے کیونکہ خیبر پختونخواہ اسمبلی میں کسی بھی حلقے میں دھاندلی کا الزام نہیں لگایا گیا اگر کسی نے الزام لگایا تو تمام حلقے کھول دیئے جائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ کیونکہ یہاں دھاندلی کا معاملہ نہیں ہے اس لئے اسمبلی نہیں توڑی جائے گی ۔