شمالی وزیر ستان میں پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب، فضائی حملوں کے بعد زمینی کارروائی شروع ،میر علی اور دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کے پناہ گاہوں پر توپ خانے ،ٹینکوں اور دیگر بھاری ہتھیاروں سے کارروائی کا سلسلہ بھی جاری رہا،گھر گھر تلاشی لی جائے گی، اس کارروائی میں اب تک 15 د ہشت گرد ہلاک ہوگئے ، زیر زمین سرنگوں اور دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) تیار کرنے کی کئی فیکٹریوں کا سراغ لگایا ہے جن کا صفایا کر دیا گیا ، آئی ایس پی آر

منگل 1 جولائی 2014 08:11

راولپنڈی،میرانشاہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جولائی۔2014ء)پاک فوج آپریشن ضرب عضب کے15 روز کے دوران فضائی حملوں کے بعد پیر سے زمینی کارروائی شروع کر دی ہے جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی جائے گی اور اس کارروائی میں اب تک 15 د ہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ جوانوں نے زیر زمین سرنگوں اور دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) تیار کرنے کی کئی فیکٹریوں کا سراغ لگایا ہے جن کا صفایا کر دیا گیا ہے۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی طرف سے آپریشن کے حوالے سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق شہری آبادی کے انخلاء کے بعد پیر کے صبح میرانشاہ کے اندر اور ارد گرد زمینی کارروائی شروع کی گئی ہے جس کے دوران انفنٹری کے دستوں اور سپیشل سروسز گروپ کے جوانوں نے میرانشاہ میں گھر گھر تلاشی شروع کر دی ہے اور اس کارروائی کے دوران15 دہشت گرد مارے گئے ہیں جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں تین فوجی زخمی ہوئے ۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران کئی زیر زمین سرنگوں اور دیسی ساختہ بم تیار کرنے کی فیکٹریوں کا صفایا کیا گیا۔دریں اثناء میر علی اور دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کے پناہ گاہوں پر توپ خانے ،ٹینکوں اور دیگر بھاری ہتھیاروں سے کارروائی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کا گھیراؤ بھی جاری ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق 15 جون کو آپریشن ضرب عضب شروع ہونے سے اب تک 376 دہشت گرد ہلاک جبکہ 19 نے ہتھیار ڈال دیئے ۔آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے 61 ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا اور اب تک 17 فوجی جوان جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔