وزیراعظم کا آئرلینڈ سے لیز پر لئے گئے طیارے کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر معائنہ،طارق عظیم کی طیارے پر بریفنگ،وزیراعظم ائیرہوسٹسز اور عملہ سے گھل مل گئے، پی آئی اے کے بیڑے میں نئے طیارے کی شمولیت پر اطمینان کا اظہار، ایئر بس320 طیارہ (کل) سے کمرشل پروازیں شروع کریگا، اندرون ملک اور مشرق وسطیٰ کے مسافر مستفید ہوں گے

پیر 30 جون 2014 07:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30جون۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے آئرلینڈ سے لیز پر لئے گئے طیارے کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر معائنہ کیا اور پی آئی اے کے بیڑے میں نئے طیارے کی شمولیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔یہ ایئر بس320 طیارہ (کل)منگل سے کمرشل پروازیں شروع کرے گا جس سے اندرون ملک اور مشرق وسطیٰ کے مسافر مستفید ہوں گے۔ اتوار کے روز وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے آئرلینڈ سے ڈرائی لیز پر حاصل کئے جانے والے نئے طیارے کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر معائنہ کیا۔

میاں نواز شریف کے ہمراہ مشیر برائے شہری ہوابازی شجاعت عظیم بھی موجود تھے جنہوں نے وزیراعظم کو اس طیارے کی خصوصیات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم طیارے کے اندر بھی گئے اور مختلف حصے دیکھنے کے ساتھ ساتھ پائلٹ، ایئرہوسٹسز اور دیگر عملہ سے ملاقات بھی کی جنہوں نے وزیراعظم کو اپنے بعض مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے طیارے کا معائنہ کرنے کے بعد اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئے طیارے کی پی آئی اے میں شمولیت سے اس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور قومی ایئر لائن کی کارکردگی بھی بہتر ہوگی۔

واضح رہے کہ آئرلینڈ سے فرانسیسی کمپنی کا تیارہ کیا گیا طیار چھ سال کیلئے ڈرائی لیز پر لیا گیا ہے۔ اس ایئر بس 320 میں 180مسافروں کے بیٹھنے کی جگہ ہے جس سے اندرون ملک اور مشرق وسطیٰ کے مسافر مستفید ہونگے۔ طیارہ منگل سے باقاعدہ طور پر کمرشل پروازوں کا آغاز کردے گا۔