رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ، آج پہلا روزہ ہو گا ،مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان مسترد، پشاور اور بنوں میں آئی ڈی پیز نے اتوار کو پہلا روزہ رکھ لیا

پیر 30 جون 2014 07:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30جون۔2014ء) رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے۔ آج 30 جون بروز پیر کو پہلا روزہ ہوگا۔ گزشتہ روز مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا تھا۔ اتوار کی شام کو رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا۔ ادھرحکومت کی ایک ہی روز ملک بھر میں رمضان شروع کرنے کیلئے کوششیں ناکام ہوگئیں،اگرچہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ ملک بھر سے کہیں چاند نظر آنے کی شرعی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں اور یکم رمضان (آج)پیر کو ہوگی تاہم پشاور میں مفتی پوپلزئی اور دیگر کی طرف سے رمضان کے شروع ہونے کے اعلان کے بعد بعض علاقوں میں اور بنوں میں آئی ڈی پیز کے کیمپوں میں روزہ اتوار کو رکھا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی زیرصدارت اتوار کو کراچی میں ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے و الے علمائے کرام سمیت ڈی جی محکمہ موسمیات عارف محمود،چیف میٹرو لوجسٹ توصیف عالم اور جنرل مینیجر اسپارکو نے بھی شرکت کی،

اجلاس میں کراچی سمیت ملک بھر سے چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں اکٹھی کی گئیں جس سے مفتی منیب الرحمان اور دیگر علمائے کرام کوآگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

کراچی کے علاوہ لاہور،پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں بھی چاند دیکھنے کے لئے زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے جس میں چاند سے متعلق شہادتیں اکٹھی کی گئیں تاہم ملک بھر سے چاند نظر نہ آنے کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب اعلان کیا گیا کہ ملک بھر میں یکم رمضان 30 جون بروز پیر کو ہوگا۔تاہم بنوں میں شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز نے اتوار روزہ رکھنے کا اعلان کیا اور انہوں نے پہلا روزہ اتوار کو ہی رکھادوسری جانب بھارت اور بنگلا دیش میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد ان ممالک میں بھی یکم رمضان آج پیر کو ہے ا تاہم سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک اور امریکا میں پہلا روزہ گذشتہ روز اتوار کو ہی رکھا گیا۔