کوہاٹ ،نامعلوم دہشت گردوں کی مسافر گاڑی پر فائرنگ ،چار مسافر جاں بحق ،خاتون اور بچے سمیت چھ زخمی

پیر 30 جون 2014 07:53

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30جون۔2014ء)کو ہاٹ کے دور دراز علاقے مرئی میں نامعلوم دہشت گردوں کی تیراہ خیبر ایجنسی جانے والی مسافر گاڑی پر فائرنگ سے چار مسافر جاں بحق جبکہ خاتون اور بچے سمیت چھ زخمی ہو گئے جن میں آئی ڈی پیز بھی شامل ہیں۔اتوار کے روز متنی سے خیبر ایجنسی کے رہائشی مسافر پک اپ میں وادی تیراہ اپنے گھر جا رہے تھے کہ پولیس تھانہ استرزئی کی حدود مرئی زیڑہ میں نامعلوم مسلح افراد نے مسافر گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں گاڑی ڈرائیور سمیت چار افراد موقع پر جاں بحق جبکہ خاتون اور دو بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے جن کو پولیس نے کے ڈی اے اسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا ۔

جبکہ تین لاشوں کو استرزئی سول اسپتال پہنچا دیا گیا۔پولیس کے مطابق واقع کی تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے فائرنگ کے دوران گاڑی سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی اور بھاگ کر واقع کے حوالے سے ایف سی اہلکاروں کو بتایا جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی تاہم حملہ آور فرار ہو چکے تھے۔پولیس نے مذکورہ روڈ پر گشت شروع کر دیا ہے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سکیورٹی فورسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق جاں بحق اور زخمیوں میں خیبر ایجنسی کے آئی ڈی پیز بھی شامل ہیں۔پولیٹیکل انتظامیہ نے واقع کی تصدیق کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :