پشاور طیارہ حملہ‘ پشاور پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے پولیٹیکل انتظامیہ اور اے پی اے درہ آدم خیل سے رابطہ کرلیا، طیارہ حملہ کیس میں کالعدم تحریک طالبان کا کمانڈر شاہد ملوث ، پولیس کی حکومت کو طالبان کمانڈر شاہد کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کرنے کی تجویز

اتوار 29 جون 2014 08:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جون۔2014ء) پشاور طیارہ حملہ‘ پشاور پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے پولیٹیکل انتظامیہ اور اے پی اے درہ آدم خیل سے رابطہ کرلیا‘ طیارہ حملہ کیس میں کالعدم تحریک طالبان کا کمانڈر شاہد ملوث ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل پشاور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کی لینڈنگ کے دوران فائرنگ کی گئی تھی جس میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی تھی جبکہ طیارے کو بھی کافی نقصان پہنچا تھا جس کے بعد طیارے کو مرمت کیلئے کراچی بھجوادیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد طیارے پر فائرنگ کا مقدمہ تھانہ بڈھ بیر میں کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر شاہد گروپ کیخلاف درج کرلیا گیا تھا۔

پشاور پولیس نے خیبر ایجنسی کی پولیٹیکل انتظامیہ اور اے پی اے درہ آدم خیل کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کمانڈر شاہد خیبر ایجنسی میں منتقل ہوچکا ہے لہٰذا پولیٹیکل انتظامیہ اس کی گرفتاری کیلئے تعاون کرے۔ ادھر پولیس نے کالعدم تحریک طالبان کمانڈر شاہد کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کرنے کی حکومت کو تجویز بھی دی ہے۔ یاد رہے کہ طیارہ حملہ کیس میں 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا تھا اور پی آئی اے کے طیارے پر فائرنگ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :