شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے تناظر میں ملک بھر کے ہوائی اڈوں کے حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیئے گئے، اسلام آباد ، کراچی ، لاہور اور پشاور کے ہوائی اڈوں کے سکیورٹی انتظام کیلئے فوج اور رینجرز کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی، سکیورٹی اقدامات کے بعد بین الاقوامی کمپنیاں پشاور کیلئے دن میں پروازیں بحال کردینگی،شجاعت عظیم

اتوار 29 جون 2014 08:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جون۔2014ء) شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے تناظر میں ملک بھر کے ہوائی اڈوں کے حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں اور اسلام آباد ، کراچی ، لاہور اور پشاور کے ہوائی اڈوں کے سکیورٹی انتظام کیلئے فوج اور رینجرز کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں جو ایئرپورٹ سکیورٹی فورس سے تعاون کرینگے اور وزیراعظم کے شہری ہوا بازی کے بارے میں خصوصی معاون شجاعت عظیم نے امید ظاہر کی ہے کہ ان سکیورٹی اقدامات کے بعد بین الاقوامی کمپنیاں پشاور کیلئے دن میں پروازیں بحال کردینگی۔

ہفتہ کو اسلام آباد ائرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کور کمانڈرز کی مشاورت سے مشترکہ سکیورٹی منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے تحت بڑے ہوائی اڈوں اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی میں فوج کی مدد بھی حاصل رہے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشاور ائرپورٹ پر پی آئی اے کے جس جہاز پر فائرنگ کی گئی تھی اسے مرمت کے بعد بحال کردیا گیا ہے ۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ جن فضائی کمپنیوں نے پشاور میں پروازیں بند کی ہیں وہ ان سکیورٹی انتظامات کے بعد دن میں وہاں پروازیں بحال کردینگی ۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اور فوج بڑے ہوائی اڈوں کے نواحی علاقوں میں بھی خدمات سرانجام دینگے کیونکہ یہاں سے سکیورٹی خدشات ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور پشاور کے ہوائی اڈوں پر حملوں کے بعد ملک بھر میں ہوائی اڈوں کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے ۔