کولیشن سپورٹ فنڈ وزیرستان میں ضر ب عضب آپریشن کیلئے فراہم کیاگیا‘ پاکستانی سفیر ، امریکا پاک فوج کی قربانیوں سے آ گا ہ اوروزیرستان آپریشن با رے مثبت سمجھ بوجھ رکھتاہے،تشدد سے پاک ماحول کے قیام کیلئے حکومت نے قومی سلامتی پالیسی متعارف کرائی ، جنوبی ایشیاء میں کشیدگی کے ہوتے ہوئے اقتصادی ترقی نہیں ہوسکتی، جلیل عباس جیلانی کا نیویارک میں تقریب سے خطاب

ہفتہ 28 جون 2014 08:19

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جون۔2014ء) امریکا میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ امریکا کو پاکستانی فوج کی قربانیوں کے بارے میں علم ہے، کولیشن سپورٹ فنڈ وزیرستان میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن کیلئے فراہم کیاگیا، امریکا وزیرستان میں آپریشن سے متعلق مثبت سمجھ بوجھ رکھتاہے۔ انکا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کے ہوتے ہوئے اقتصادی ترقی نہیں ہوسکتی۔

نیویارک میں کارنیگی کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تشدد سے پاک ماحول کے قیام کے لیے حکومت نے قومی سلامتی پالیسی متعارف کرائی اور قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کرنے کے لیے بھرپور فوجی آپریشن شروع کیا ہے۔

آپریشن سے نہ صرف پاکستان بلکہ افغانستان میں بھی سکیورٹی کی صورت حال میں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا جموں و کشمیر ،، سیاچن ،، سرکریک ، دہشت گردی اور پانی کے مسائل کی وجہ سے پاک بھارت تعلقات کی تاریخ زیادہ خوش گوار نہیں رہی۔ بنیادی مسائل حل کیے بغیر پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان کا وژن اقتصادی بحالی اور پڑوسیوں کے ساتھ پرامن تعلقات ہیں۔ پاکستان نے اقتصادی بحالی کے منصوبے پر عمل درآمد کا آغاز کیا ہے جس کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :