پشاور، طیارے پر فائرنگ میں تحریک طالبان ملوث، پولیس نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی ،غیر ملکی ساختہ اسلحہ استعمال کیا گیا

ہفتہ 28 جون 2014 08:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جون۔2014ء) پشاورائرپورٹ پر طیارے پر فائرنگ میں کالعدم تحریکِ طالبان کے دہشت گرد ملوث ہیں۔غیر ملکی ساختہ اسلحہ استعمال کیا گیا۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی۔طیارہ فائرنگ کیس پشاور میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔نجی ٹی کے مطابق پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پشاور میں پی آئی اے کے طیارے پرغیر ملکی ساختہ ایم 16 گن سے فائرنگ ہوئی۔

پشاور کے نواحی علاقوں ماشوخیل اور سلیمان خیل سے تحقیقاتی ٹیموں کوگولیوں کے 24 خول ملے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہاگیاہے کہ عینی شاہدین کے بیانات کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 8 سے دس کے درمیان تھی۔ طیارے پر فائرنگ میں کالعدم تحریک طالبان کا شاہد گروپ ملوث ہے، جبکہ سرچ آْپریشنز کے دوران ماشوخیل، سلیمان خیل اور سربند سے چند اہم گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔ دوسری جانب خیبر ایجنسی سے ملحقہ ماشوخیل، سلیمان خیل اور فقیرآباد کے علاقہ میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹیں بڑھادی گئی ہیں۔ پی ائی اے کے طیارے پر 24 جون منگل کی رات فائرنگ کی گئی تھی۔ جس کے نتیجے میں ایک خاتون مسافر جاں بحق اور عملے کے دوارکان زخمی ہوئے۔