عمران خان باتیں کرنے کی بجائے خیبر پختونخواہ کی کارکردگی پر توجہ دیں ، پرویز رشید ،عمران خان کو سیاسی یتیم گمراہ کررہے ہیں ،پارلیمنٹ اور آئین کے اندر رہ کر عمران خان اپنا مقدمہ ہار چکے ہیں، گیارہ مئی تک تو وہ کہتے یہ نہیں دکھتے تھے کہ عدلیہ آزاد ہے اور کوئی دھاندلی نہیں ہوئی اچانک انہیں خواب آیا اور ان کے نزدیک سارا الیکشن بوگس نکلا، وزیراعظم ہاؤس کے چالیس فیصد اخراجات معمول سے ہٹ کر کم کرلئے ہیں، عمران خان کے جلسے جلوسوں پر 37 کروڑ ستر لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات آئے ہیں ان سے شمالی وزیرستان کے پناہ گزینوں سمیت ملک بھر میں کئی ہسپتال اور سکول تعمیر کئے جاسکتے ہیں،عمران خان کے جلسہ پر وزیر اطلاعات کا ردعمل ، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 28 جون 2014 08:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جون۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان باتیں کرنے کی بجائیں صوبہ خیبر پختونخواہ کی کارکردگی پر توجہ دیں ، عمران خان کو سیاسی یتیم گمراہ کررہے ہیں ،پارلیمنٹ اور آئین کے اندر رہ کر عمران خان اپنا مقدمہ ہار چکے ہیں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کی دھمکی الیکشن کمیشن اور آزاد عدلیہ کو ہے گیارہ مئی تک تو وہ کہتے یہ نہیں دکھتے تھے کہ عدلیہ آزاد ہے اور کوئی دھاندلی نہیں ہوئی اچانک انہیں خواب آیا اور ان کے نزدیک سارا الیکشن بوگس نکلا ۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان یہ سمجھتے ہیں کہ عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے تو صوبہ خیبر پختونخواہ حکومت کے بارے میں ان کا کیا خیال ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتخابی تنازعات کا تعلق الیکشن کمیشن سے ہے اور عمران خان کو یاد رکھنا چاہیے کہ ملک مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پارلیمنٹ اور آزاد عدلیہ قبول نہیں کررہے ہیں عمران خان کو نگران حکومت پر کوئی اعتراض نہیں تھا اور ریٹرننگ افسران اسے بہت اچھے لگتے تھے اچانک نہیں بیٹھے بیٹھے خواب آیا اور وہ احتجاج پر اتر آئے ۔

اس سے پہلے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے بچت کرتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس کے چالیس فیصد اخراجات معمول سے ہٹ کر کم کئے ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جلسے جلوسوں پر 37 کروڑ ستر لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات آئے ہیں ان سے شمالی وزیرستان کے پناہ گزینوں سمیت ملک بھر میں کئی ہسپتال اور سکول تعمیر کئے جاسکتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جلسے کی ایک کرسی کا کرایہ شمالی وزیرستان کے ایک خاندان کے راشن کے برابر ہے جلسوں پر اخراجات کرنے کی بجائے شمالی وزیرستان پر خرچ کئے جاسکتے تھے انہوں نے کہاکہ عمران خان جلسے کیلئے سرخ مخمل کی کرسیاں حاصل کی گئی ہیں مخمل کی کرسیوں پر بیٹھنے والے عام آدمی کے مسائل کو کیسے سمجھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جلسوں کیلئے پنجاب حکومت نے سکیورٹی پر کروڑوں روپے خرچ کئے ہیں

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی کارکردگی صوبہ خیبرپختونخواہ میں کھل کر سامنے آگئی ہے عمران خان کو صوبہ خیبرپختونخواہ میں اپنی ناکامی اور شرم ساری سے بچنے کیلئے احتجاجی جلسے جلوسوں پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صوبہ خیبرپختونخواہ کے ان بچوں کا خیال رکھیں جو پولیو ‘ خسرہ سمیت دیگر موذی مرض کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان احتجاجی جلسے جلوس کرکے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ ان کا مقصد دہشت گردوں کو بچانا اور ملک کو عدم استحکام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام عمران خان کے دھرنیوں اور ان کے فلمی ڈائیلاگوں سے مرعوب ہونے والے نہیں ہیں۔