امر یکہ کی غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں ترمیم، جماعت الدعوة اور لشکر طیبہ سمیت چار تنظیمیں دہشت گرد قرار، لشکر طیبہ کے دو اعلیٰ رہنما بھی فہر ست میں شا مل ، مالیاتی اثاثے منجمد، کسی امریکی شہری کوان کے ساتھ مالیاتی تعلقات رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی،امریکی دفتر خارجہ

جمعہ 27 جون 2014 07:53

وا شنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جون۔2014ء)امر یکہ نے غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں ترمیم کرتے ہوئے جماعت الدعوہ سمیت لشکر طیبہ سے منسلک چار تنظیموں کو اس فہرست میں شامل کر لیا ہے۔امریکی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ چاروں تنظیمیں دراصل لشکر طیبہ کے ہی مختلف نام ہیں اور پابندیوں سے بچنے کے لیے لشکر بار بار اپنا نام بدلتی رہتی ہے۔

جن چار تنظیموں کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے، ان میں جماعت الدعوہ، انفال ٹرسٹ، تحریکِ حرمتِ رسول اور تحریکِ تحفظِ قبلہِ اول شامل ہیں۔

اس کے علاوہ امریکی وزارتِ خزانہ نے لشکر طیبہ کے دو اعلیٰ رہنماوٴں نذیر احمد چوہدری اور محمد حسین گل کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دیا ہے۔امریکی وزارتِ خزانہ کے مطابق نذیر احمد چوہدری سنہ 2000 کے ابتدائی دنوں سے ہی لشکر کی حکمتِ عملی سے منسلک رہے ہیں اور محمد حسین گل لشکر کے بانی اراکین میں سے ایک ہیں اور اس وقت تنظیم کی مالی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

برطانوی نشریاتی ادارے 'بی بی سی' کے مطابق دہشت گردوں کی اس فہرست میں شامل کیے جانے کے بعد امریکہ کی جانب سے ان تنظیموں اور افراد کے امریکی قانونی کنٹرول میں ممکنہ مالیاتی اثاثے منجمد کر لیے جائیں گے۔ اس اعلان کے بعد اب کسی امریکی شہری کو بھی ان کے ساتھ مالیاتی تعلقات رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔