آئی ڈی پیز کے مسئلہ پر نواز حکومت نے وفاق کا کردار ادا نہیں کیا: چودھری شجاعت حسین/پرویزالٰہی ،چاروں صوبوں کو ایک پلیٹ فارم پر نہیں لیا، شمالی وزیرستان کی بجائے اسے ماڈل ٹاؤن آپریشن میں دلچسپی تھی ،مسلم لیگی دل کھول کر امداد دیں، ہر ضلع میں ریلیف کیمپ لگائیں امدادی سامان فوج کے حوالے کیا جائے۔ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطا ب

جمعہ 27 جون 2014 07:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جون۔2014ء)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے اہم معاملہ پر نواز حکومت وفاق کا کردار ادا کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے حالانکہ یہ کسی ایک صوبہ یا علاقہ کا نہیں پورے پاکستان کے عوام کا مسئلہ ہے۔

وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جو چودھری شجاعت حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

انہوں نے اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ فوجی آپریشن سے قبل وفاقی حکومت نے پیشگی اقدامات نہیں کیے اور نہ ہی بعد میں اس حساس اور فوری اقدامات کے متقاضی مسئلہ پر چاروں صوبوں کو اعتماد میں لینے اور ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کیلئے کوئی موثر یا نتیجہ خیز اقدام کیا کیونکہ اسے شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن سے زیادہ پنجاب حکومت سے مل کر ماڈل ٹاؤن میں آپریشن کرنے میں زیادہ دلچسپی تھی تاکہ ڈاکٹر طاہر القادری کی آمد سے قبل یہاں اتحادی جماعتوں کو سبق سکھایا جا سکے لیکن وہ اپنے اس مقصد میں اتنی زیادہ خونریزی کے باوجود ناکام رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اس مشکل وقت میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کی جانب سے ہر ضلع میں ریلیف کیمپ لگائے جائیں گے اور مسلم لیگی رہنما و کارکن نہ صرف خود دل کھول کر امداد دیں گے بلکہ اس سلسلہ میں صاحب ثروت حضرات سے بھی رابطے کریں گے اور زیادہ سے زیادہ امدادی سامان جمع کر کے پاک فوج کے ریلیف کیمپوں کے حوالے کیا جائے گا تاکہ یہ اصل متاثرین تک پہنچ سکے۔ اجلاس میں طارق بشیر چیمہ، چودھری ظہیرالدین، محمد بشارت راجہ، حلیم عادل شیخ، احمد یار ہراج، شافع حسین اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :