حکومت نے قادری کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کیلئے کمرکس لی، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ ، ایف آئی اے نے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا ، ایف آئی اے نے قادری کے گوشواروں کی تفصیلات، جماعت کا منشور اور دیگر دستویزات طلب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے تعاون کی اپیل کردی، ایف آئی اے کی جانب سے طاہر القادری کے خلاف ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات بھی شروع ہوگئی،الزامات ثابت ہونے پر طاہر القادری کا نام بھی ای سی ایل پر ڈالنے کے لئے ایف آئی اے وزارت داخلہ سے سفارش کر سکتی ہے ،ذرائع

جمعہ 27 جون 2014 07:43

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جون۔2014ء) بالآخر حکومت نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے ایف آئی اے نے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ابتدائی تحقیقات کا آغاز طاہر القادری کے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے کیا گیا ہے جہاں ایف آئی اے نے ان کے گوشواروں کی تفصیلات، جماعت کا منشور اور دیگر دستویزات طلب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب سے ایف آئی اے کی جانب سے طاہر القادری کے خلاف ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا ہے اور اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیوکو بھی ایک خط لکھا گیا ہے جس میں عوامی تحریک کے سربراہ ، ان کے بیٹوں اور تنظیم ( منہاج القرآن ) کی ٹیکس کی تفصیلات مانگی گئی ہیں،الزامات ثابت ہونے پر طاہر القادری کا نام بھی ای سی ایل پر ڈالنے کے لئے ایف آئی اے وزارت داخلہ سے سفارش کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

باخبر ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایات پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی( ایف آئی اے ) نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے

جہاں ان کے اثاثوں کی تفصیلات، الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی اثاثوں کی تفصیلات ، ان کی سیاسی جماعت پاکستان عوامی تحریک کے اثاثوں کی تفصیلات و پارٹی منشور الیکشن کمیشن آف پاکستان طلب کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ایف آئی اے نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے تعاون کی اپیل کی ہے ۔ ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں طاہر القادری کے گوشواروں، ان کے اثاثوں کی تفصیلات اور ان کی پارٹی سے متعلق تفصیلات کو کو بھی تحقیقات کا حصہ بنایا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے الیکشن کمیشن میں جمع تفصیلات کا موازنہ ان کی پاکستان میں موجودہ پراپرٹی اور اثاثوں سے بھی کرے گی۔

ذمہ دار ذرائع نے خبر رساں ادارے کو مزید بتایا ہے کہ ایف آئی اے نے فیڈر ل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) کو بھی ایک خط لکھا ہے جس میں طاہر القادری، ان کے بیٹوں اور ان کی تنظیم ( منہاج القرآن ) کے بارے میں ٹیکس کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق طاہر القادری کی کل پراپرٹی، بنک اکاوٴنٹس ، ان کی فیملی کے دیگر ممبرز کے نام پراپرٹی و اثاثوں کی تفصیلات اور ان کی تنظیم منہاج القرآن کے کل اثاثوں ک تفصیلات بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ اس بات کا اندازہ لگایا جا سکے کہ ان پر کتنا ٹیکس بنتا ہے جو ابھی تک ادا نہیں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کہ مشترکہ تحقیقاتی رپورٹ اس ضمن میں جلد کاروائی کا آغاز کرنے جا رہی ہے اور الزامات ثابت ہونے پر طاہر القادری کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی جا سکتی ہے۔