پاکستان تحریک انصاف کا شمالی وزیرستان میں جنگ کے بعد خیبرپختونخواہ کا رخ کرنے والے بے بس قبائلیوں کی المناک صورتحال پر گہرے رنج اور تشویش کا اظہار ، عمران خان کا وزیر اعظم سے بے گھر قبائلی پاکستانیوں کے لئے امداد میں اضافے اور 6 ارب کی فوری فراہمی کا مطالبہ

جمعرات 26 جون 2014 07:45

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جون۔2014ء ) پاکستان تحریک انصاف نے شمالی وزیرستان میں جنگ کے بعد خیبرپختونخواہ کا رخ کرنے والے بے بس قبائلیوں کی المناک صورتحال پر گہرے رنج اور تشویش کا اظہار کیا ہے اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعظم سے بے گھر قبائلی پاکستانیوں کے لئے امداد میں اضافے اور 6 ارب کی فوری فراہمی کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد میں پارٹی کی کور کمیٹی کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں عسکری کارروائی کے بعد شمالی وزیرستان سے گھر بار چھوڑ کر خیبرپختونخواہ کا رخ کرنے والے ملزوم شہریوں کے لئے حکومتی امداد انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ تحریک انصاف کے لاکھوں رضاکاروں کو عمران خان فاؤنڈیشن کی بھرپور معاونت اور امدادی کاروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ہدایت دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ خیبرپختونخواہ حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں اور اس انتہائی عظیم چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لئے صوبائی حکومت کو پوری تیاری کی ہدایت بھی کر چکے ہیں۔

ان کے مطابق انتہائی دشوار حالات میں بچوں ، عورتوں، بوڑھوں کی دیکھ بھال انتہائی حساس معاملہ ہے جس کے لئے صوبائی حکومت خاطر خواہ اقدامات اٹھائے گی۔

مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے بھی چیئرمین عمران خان کے خیالات کا اعادہ کیا اور وفاقی حکومت سے بے گھر افراد کی عارضی نگہداشت کے لئے وسائل کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتہائی کٹھن حالات میں گھرے شہریوں کے لئے فراہم کی جانے والی امداد ان کے لئے موت و حیات کے مابین فرق کا ایک واضح وسیلہ ہے۔