پاکستان تحریک انصاف کا جمہوری نظام کے خلاف کسی بھی تحریک کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ،تحریک انصاف ایسے کسی گرینڈ الائنس کا حصہ نہیں بنے گی مئی 2013کے عام انتخابات میں ہونے والی مبینہ بھاری دھاندلیوں کے خلاف تحریک جاری رہے گی، بہاولپور کے جلسے میں حکومت کو دھاندلی کی تحقیقات کے لئے ڈیڈ لائن دی جائے گی، اگر حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا اور رمضان میں چار حلقوں میں تصدیق کا عمل نہ ہوا تو عید کے بعد لانگ مارچ کرینگے قومی اسمبلی کی نشستوں سے استعفے دینے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے ،کور کمیٹی اجلاس میں فیصلہ، تحریک انصاف نے پی کے 45ایبٹ آباد میں ہونے والی ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار کی شکست کے معاملہ پر بھی تین رکنی کمیٹی قائم کر دی

جمعرات 26 جون 2014 07:33

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جون۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے جمہوری نظام کے خلاف کسی بھی تحریک کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ تحریک انصاف ایسے کسی گرینڈ الائنس کا حصہ نہیں بنے گی تاہم مئی 2013کے عام انتخابات میں ہونے والی مبینہ بھاری دھاندلیوں کے خلاف تحریک جاری رہے گی اور بہاولپور کے جلسے میں حکومت کو دھاندلی کی تحقیقات کے لئے ڈیڈ لائن دی جائے گی، اگر حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا اور رمضان میں چار حلقوں میں تصدیق کا عمل نہ ہوا تو عید کے بعد لانگ مارچ کرینگے اور قومی اسمبلی کی نشستوں سے استعفے دینے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے پی کے 45ایبٹ آباد میں ہونے والی ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار کی شکست کے معاملہ پر بھی تین رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے جو اپنی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ عمران خان کو پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس پارٹی چیئرمین عمران کی زیر صدارت بنی گالہ میں ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔

اجلاس میں پارٹی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، وزیر اعلی خیبرپختونخواہ پرویز خٹک،پارٹی صدر مخدوم جاوید ہاشمی، رکن قومی اسمبلی چودھری شفقت محمود،مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری، اسد عمرو دیگر نے شرکت کی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت کے خلاف بننے والے گرینڈ الائنس اور عوامی تحریک کے حوالے سے معاملات زیر بحث لائے گئے جس پر پارٹی کے سینئر راہنماوٴں نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ پارٹی کو ایسے کسی الائنس کا حصہ نہ بنائیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کل بہاولپور کے جلسے کے حوالے سے تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیااور ان پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ذرائع کے مطابق عمران خان سمیت سینئر قیادت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ہے کہ عام انتخابات کے دوران ہونے والے مبینہ دھاندلیوں کے خلاف تحریک انصاف اپنی تحریک جاری رکھے گی اور چار حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات سے ووٹوں کی تصدیق کے معاملہ پر جلسہ میں حکومت کو آخری ڈیڈ لائن دی جائے گی،پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے حکومت کو مزید چار ہفتے کی مہلت دی جائے گی اور اگر چار ہفتوں بعد بھی قومی اسمبلی کے چار حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق نہ ہوئی تو پھر عید کے بعد حکومت کیخلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی اور لانگ مارچ بھی ہوگا

اجلاس میں تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے ممبران کے استعفوں پر بھی غور کیا گیا اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ عید کے بعد تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ استعفے دینے کے بعد احتجاج کرینگے اور لانگ مارچ میں بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ایبٹ آباد کے حالیہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست کے معاملہ کو بھی زیر بحث لایا گیا اور کے پی کے ممبران نے الزام عائد کیا کہ ایبٹ آباد میں شکست کی بڑی وجہ پارٹی کی صوبائی قیادت کے ساتھ کارکنان کے اختلافات ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی کے 45ایبٹ آباد سے پارٹی کی شکست کے معاملہ پر تین رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو سارے معاملے کی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پارٹی چیئرمین کو پیش کرے گی۔