طاہرالقادری آئے اپنی خوشی سے ہیں مگرجائیں گے اب قانون کی مرضی سے، پرویز رشید،کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ڈرامے لگانے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے، طاہر القادری کے غنڈوں نے ملک کا دفاع کرنے والے جوانوں کو مسلح ہو کر ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا ،شمالی وزیرستان میں آپریشن کامیابی سے جاری ہے‘ حکومت مسلح افواج کے کام میں بھر پور مدد کرے گی،آ پر یشن متا ثر ین ہمارے مہمان ہیں حکومت ان کو گلے لگائے گی‘وزیر اطلاعات صحافیوں سے گفتگو

بدھ 25 جون 2014 07:12

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ڈاکٹرطاہر القادری جیسے کردار ہمیں الجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ وہ اپنی مرضی سے پاکستان آ تو گئے ہیں لیکن اب قانون کی مرضی سے جائیں گے۔شمالی وزیرستان میں ہجرت کرنے والے ہمارے مہمان ہیں حکومت ان کو گلے لگائے گی ، منگل کے روز ڈی ایچ کیو ہسپتا ل راولپنڈی میں تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں کے ہاتھوں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ گزشتہ روز کیمروں کے ذریعے پوری دنیا نے دیکھا کہ طاہر القادری کے غنڈوں نے ملک کا دفاع کرنے والے جوانوں کو مسلح ہو کر ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور تشدد کے نتیجے میں 100 سے زائد پولیس اہلکاروں کے بازوؤں کی ہڈیوں کو طاہر القادری کی ہدایت پر توڑ اگیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے طاہر القادری کی ہدایت کے ثبوت ان کے ایک ہفتہ کے دوران پریس کانفرنسز میں موجود ہیں کہ انہوں نے اپنے غنڈوں کو تلقین کی کہ جو بھی پاکستان میں دہشت گردوں سے لڑنے والا ہو اس کو ختم کر کے خون کے دریا میں ڈبو دیا جائے اور طاہر القادری کی ہدایت کے نتیجے میں قومی ادارے کے ذمہ داران آفسر اور جوانوں کے سرپھاڑ دیئے گئے اور بازوؤں کو توڑ کر ان کی ٹانگوں کو مفلوج کر دیا گیا۔

پرویز رشید نے کہا کہ پولیس پر تشدد انتہائی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ۔افسروں سمیت نوجوانوں کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت ،عوام،پارلیمنٹرین،سول سوسائٹی پولیس کے ساتھ ہیں ۔پرویز رشید نے کہا کہ طاہر القادری دہشت گردی کی نئی قسم باہر ملک سے لیکر پاکستان میں آیا ہے اس کا قوم کے ساتھ مل کر مقابلہ کریں اور دونوں قسم کی دہشت گردوں کا ملک سے قلع قمع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرستان میں قومی سلامتی کے پیش نظر مسلح افواجکے کردار سے توجہ ہٹانے کی یہ کوشش تھی اور ملک کے بڑے شہروں میں طاہر القادری جیسے کردار پر توجہ مبذول اور الجھانے کی کوشش کی گئی تا کہ دہشت گردوں کو بچایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں ملک کو پرامن بنانے کے کردار کو پوری عوام سراہتی ہے اور آپریشن کے تناظر میں ہجرت کرنے والے تمام متاثرین حکومت کے مہمان ہیں اور حکومت کی پوری توجہ ان کو سہولیات کی فراہمی پر ہے ۔

پرویز رشید نے پوری قوم سے درخواست کی ہے کہ شمالی وزیرستان کے متا ثرین کی دیکھ بھال پوری طرح سے کرنی ہے اور ویسے بھی ماہ رمضان کے وساطت سے ثواب بھی70 گنا ملے گا ۔

پرویز رشید نے کہا کہ ایک ہا تھ سے کراچی ائیرپورٹ اور راولپنڈی ائیر پورٹ پر ڈرامہ کرنے والوں کو دبوچیں گے اور انہیں چھوڑیں گے نہیں جبکہ دوسرے ہاتھ سے متاثرین کو پکڑ کر گلے لگائیں گے اور یہ یحیثیت پاکستانی ہمارا فرض ہے ۔

انہوں نے مسلح اداروں سمیت میڈیا نے گزشتہ روز صحافتی ذمہ داریاں ا دا کیں اور سچ پر مبنی خبریں پیش کیں اور غنڈوں کی شکلیں دکھائیں جنہوں نے پولیس کو واضح طور پر ڈنڈوں سے مارتے ہوئے دکھایا حالانکہ پولیس دہشت گردوں سے طاہر القادری کو بچانے کے لئے کھڑی تھی۔انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کے ڈرامے کے تناظر میں قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اور طاہر القادری آئے تو اپنے مرضی پر پاکستان میں تھے اور کوئی رکاوٹ بھی کھڑی نہیں کی جیسے نوازشریف اور شہباز شریف کے پاکستان آنے پر رکاوٹیں کھڑی کی جاتی تھیں لیکن اب طاہر القادری پاکستان کے قانون مطابق جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کا آپریشن بڑی کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور آج تک جو ٹارگٹ کئے گئے انہی پر 100 فیصد عمل ہوا اور ان کے 100 فیصد نتائج نکلے ہیں اور حکومت مسلح افواج کے کام میں بھر پور مدد کرے گی اور ان کو اب پشت پر دیکھنے کی ضرورت نہیں کیونکہ ان کی پشت پر مسلم لیگ (ن) کی حکومت قوم کے ساتھ موجود ہے ۔