میر علی اور خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی کامیابی کارروائیاں، 47 دہشت گرد مارے گئے، 23 ٹھکانے بھی تباہ ،ناکام خود کش حملے میں گاڑی تباہ ہونے سے دو جوان اور ایک شہری شہید ،ملک بھر میں آپریشن کے متاثرین کیلئے عطیات اکٹھے کرنے کے 32 کیمپ قائم کردیئے گئے

بدھ 25 جون 2014 07:10

میرعلی/ راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون۔2014ء) میر علی اور خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی کامیابی کارروائی میں 47 دہشت گرد مارے گئے اور 23 ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے جبکہ شمالی وزیرستان کے علاقہ سپن وام میں ایک خود کش حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے اس واقعہ میں دو جوان اور ایک شہری شہید ہوگئے ۔ جبکہ دھماکے کے باعث ایک قریبی عمارت کی چھت اڑ گئی اور وہ منہدم ہوگئی۔

آئی ا یس پی آر کی طرف سے منگل کو آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کے بارے میں جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح پاک فوج نے خیبرایجنسی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کے ذریعے بمباری کی اس کارروائی میں 20 دہشت گرد ہلاک اور بارہ ٹھکانے تباہ کئے گئے علاقے میں ہتھیاروں اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ بھی تباہ کردیا گیا

دوسری جانب شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں منگل کے روز دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور دہشت گردوں کے خلاف اس کارروائی کے دوران 27 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے گیارہ خفیہ ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہاں بھی ہتھیار اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ تباہ کیا گیا۔ ایک اور واقعہ میں شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں منگل کی سہ پہر ایک خود کش حملے کی کوشش ناکام بنائی گئی بارود سے بھری ایک گاڑی چیک پوسٹ سے گزری جو سول ہسپتال کی طرف جارہی تھی ڈیوٹی پر موجود جوانوں نے اسے روکا اور نہ رکنے پر فائرنگ کی جس سے چیک پوسٹ کے قریب ہی سومیٹر کے فاصلے پر موجود یہ گاڑی دھماکے سے تباہ ہوگئی جس سے دو فوجی اور ایک شہری شہید ہوگئے اور قریبی عمارت دھماکے سے تباہ ہوگئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان سے چار لاکھ چون ہزار دو سو سات افراد پر مشتمل چھتیس ہزار پانچ سو چودہ خاندانوں کا اب تک سید گئی کے رجسٹریشن پوائنٹ پر اندراج کیا گیا ہے شمالی وزیرستان میں آئی ڈی پیز کے لئے راشن کی تقسیم کے چھ مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں تین بنوں ‘ دو ڈیرہ اسماعیل خان اور ایک ٹانک میں قائم کئے گئے ہیں بدھ سے چالیس ہزار خاندانوں کیلئے چار ہزار چار سو تہتر ٹن راشن کی تقسیم شروع ہوگئی راشن کے ہر تھیلے میں بیس سے 80 کلو تک آٹا ‘ پانچ لیٹر کوکنگ آئل‘ نو کلو گرام دالیں ‘ ایک کلو گرام کھجور ‘ ایک کلو گرام چائے کی پتی شامل ہوگی آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں متاثرین کیلئے عطیات اکٹھے کرنے کیلئے تمام بڑے شہروں میں 32 پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں جہاں امدادی اشیاء اکٹھی کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

متعلقہ عنوان :