عوامی تحریک کے ایم پی او کے تحت نظربندکارکنوں کو رہا کر دیا جائے گا،پی اے ٹی کے جن کارکنوں کے مقدمات عدالتوں میں زیرسماعت ہیں ان کا فیصلہ عدالت کرے گی،سی سی پی او لاہورعوامی تحریک کی انتظامیہ کی مشاورت سے سکیورٹی اقدامات کریں گے،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گورنرکی جانب سے پیش کئے گئے طاہرالقادری کے مطالبات پر احکامات جاری کر دیئے

بدھ 25 جون 2014 07:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک کے ایم پی او کے تحت نظربند کارکنوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ جن کارکنوں کے مقدمات عدالتوں میں زیرسماعت ہیں ان کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ صوبائی سیکرٹری صحت کو عوامی تحریک کے زخمی کارکنوں کو فراہم طبی سہولتوں میں مزید بہتری لانے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔ اگرچہ انہیں پہلے ہی مفت طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

سی سی پی او لاہور کو منہاج القرآن کے متعلقہ ذمہ داران کی مشاورت سے سکیورٹی کے بہترین اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے اور طاہرالقادری کے خدشات کو دور کرنے کے لئے مناسب اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گورنر پنجاب کی طرف سے پیش کئے گئے طاہرالقادری کے مطالبات پر احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھرپنجاب کے وزیر قانون راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ 16 ایم پی او کے تحت عوامی تحریک کے نظربند کارکنوں کو رہا کر دیا جائے گا، جن کارکنوں کے مقدمات عدالت میں ہیں ان کا فیصلہ وہیں ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق رانا مشہود کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے طاہر القادری کے مطالبات پر عوامی تحریک کے نظربند کارکنوں کو رہا کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں تاہم جن کے مقدمات عدالتوں میں ہیں ان کا فیصلہ وہیں ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی سی پی او عوامی تحریک سے مشاورت کے بعد سیکیورٹی کے اقدامات کریں گے جبکہ عوامی تحریک کے زخمی کارکنوں کو بہترین طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے تحریک منہاج القرآن سیکرٹری میں طاہر القادری سے ملاقات کی جس میں عوامی تحریک کے کارکنوں کی رہائی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔