ماڈل ٹاؤن عدالتی ٹربیونل نے چیف سیکرٹری پنجاب کوبیان قلمبند کرانے کے لئے طلب کر لیا،ٹربیونل نے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ اورڈاکٹر توقیر شاہ کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی

منگل 24 جون 2014 07:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جون۔2014ء)ماڈل ٹاؤن عدالتی ٹربیونل نے چیف سیکرٹری پنجاب کوبیان قلمبند کرانے کے لئے طلب کر لیا،ٹربیونل نے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ اورڈاکٹر توقیر شاہ کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل عدالتی ٹڑبیونل نے چوتھے روز بھی کاروائی جاری رکھی۔سابق صوبائی وزیر قانون اور وزیر اعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری سکیورٹی خڈشات کے پیش نظر کمیشن کے روبرو پیش نہ ہوئے اور حاضری معافی کی درخواست بھجوا دی۔

ہوم سیکرٹری پنجاب کی جانب سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ جمع کرائی۔جس میں کہا گیا کہ معاملے کی حساسیت کے پیش نظر وفاقی اور صوبائی اداروں پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت پنجاب نے کمیشن کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے کل ایک سو پچاس زخمیوں کو لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں لایا گیا۔زخمیوں میں پچیس پولیس اہلکار بھی شامل تھے جن میں سے تین کو گولیاں لگی تھیں۔

گولی لگنے سے زخمی ہونے والا ایک پولیس اہلکار ہسپتال میں زیر علاج ہے۔سیکرٹری صحت نے بتایا کہ واقعہ میں گولیاں لگنے سے کل نو افراد ہلاک ہوئے۔ڈی سی لاہور نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو تیس لاکھ روپے امدادی رقم فراہم کرنے کے لئے چیک تیار کر لئے گئے ہیں۔عدالتی ٹربیونل نے چیف سیکرٹری پنجاب کوبیان قلمبند کرانے کے لئے طلب کر لیا،ٹربیونل نے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ اورڈاکٹر توقیر شاہ کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے مزید کارروائی 26جون تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :