قوم کو درپیش متعدد اندرونی و بیرونی خطرات کے باوجود ، پاک بحریہ جدیداسلحہ اور آلات سے لیس، انتہائی متحرک قوت ہے ،ایڈمرل محمد آصف سندیلہ،پاکستان خطے کی بدلتی ہوئی بحری صورتحال سے مبرا نہیں رہ سکتا،پاک بحریہ بحری حدود کے دفاع کیلئے ہردم تیارہے،چیف آف دی نیول سٹاف کا 43 ویں پی این اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب

منگل 24 جون 2014 07:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جون۔2014ء)چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ نے کہا ہے کہ قوم کو درپیش متعدد اندرونی و بیرونی خطرات کے باوجود ، پاک بحریہ جدیداسلحہ اور آلات سے لیس، انتہائی متحرک قوت ہے جو پاکستان کی بحری حدود کے دفاع کے لیے ہردم تیارہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز پاکستان نیوی وار کالج لاہورمیں "پاکستان کو درپیش قومی سلامتی کے چیلنجز "کے موضوع پر 43ویں پی این اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نیول چیف نے اس بات پر زور دیاکہ پاکستان خطے کی بدلتی ہوئی بحری صورتحال سے مبرا نہیں رہ سکتا۔ ہم ایک امن پسند قوم ہیں اور ہمارے بحری تحفظات کی حفاظت ضروری ہے۔ ہم انسدادِ دہشت گردی اور بحری قزاقی کی روک تھام کے لیے عالمی اور خطے کی بحری قوتوں کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں اور اس کا ثبوت CTF-150اور 151میں ہماری شمولیت ہے۔

(جاری ہے)

AMANسیریز جیسی کثیرالملکی بحری مشقیں خطے میں امن اور استحکام کے لیے ہمارے عزم کی غماز ہیں۔

موجودہ حالات کے تناظر میں، ہم اپنی بحری قوت کو تنازعات کی روشنی میں مزید مضبوط کررہے ہیں۔ آفیسرز کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر توجہ مرکوز رکھنے کے حوالے سے نصیحت کرتے ہوئے ایڈمرل نے کہا کہ سیکیورٹی چیلنجز کا حل ملکی سلامتی کو درپیش خطرات کی بنیادی وجوہات کی نشاندہی کرنے اور آپریشنل تیاری کو برقرار رکھنے میں ہے تاکہ اسکا مستقل حل تلاش کیا جا سکے ۔

پاکستان نیوی وارکالج لاہور آمد پرچیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ کا استقبال کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج رئیرایڈمرل عبدالعلیم نے کیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان نیوی وار کالج پاکستان اور برادر ممالک کی مسلح افواج کی مستقبل کی قیادت کی تربیت کے ساتھ ساتھ لوگوں خصوصاََ پنجاب کے علمی حلقوں میں بحری علوم سے آگاہی کے حوالے سے ایک اہم کردار ادا کررہاہے۔

متعلقہ عنوان :