چوہدری شجاعت اور شیخ رشید سیاسی یتیم ہیں ‘ طاہر القادری کو لاشوں کا شوق ہے‘ وہ لاشوں پر سیاست کرنے آئے ہیں۔ عابد شیر علی،حکومت سانحہ لاہور کی‘ ججز ‘ آرمی اور جو چاہے ان سے تحقیقات کرانے کیلئے تیار ہے،اس وقت پاکستان مشکلات کا شکار ہے ملک میں دہشت گردی ہے، آرمی آپریشن کررہی ہے۔ ہم عمران خان کے ساتھ ہیں وہ آئی ڈی پیز کو دیکھیں لاشوں کی سیاست چھوڑیں،وفاقی حکومت ان کی ہر طریقے سے مدد کرے گی، ہم ظلم کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے۔ طاہر القادری جہاز میں بیٹھ کر ڈرامہ لگا رہا ہے۔ ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں عوام کو بھی چاہیے کہ ملکی صورتحال پر حکومت کا ساتھ دیں ، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ رمضان شریف میں لوڈ شیڈنگ زیرو کی سطح پر لے جائی جائے، پریس کانفرنس

منگل 24 جون 2014 07:53

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جون۔2014ء) پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت اور شیخ رشید سیاسی یتیم ہیں ‘ طاہر القادری کو لاشوں کا شوق ہے‘ وہ لاشوں پر سیاست کرنے آئے ہیں۔ حکومت سانحہ لاہور کی‘ ججز ‘ آرمی اور جو چاہے ان سے تحقیقات کرانے کیلئے تیار ہیں یہ بات انہوں نے آج سوموار سہہ پہر میپکو آفس ملتان میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ ہم نے رانا ثناء الله کو اور توقیر شاہ کو اس لئے ہٹایا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ سانحہ لاہور کی تحقیقات پر کوئی اپنا اثر و رسوخ نہ ڈال سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک کمیشن بنا دیا ہے اب اس میں میڈیا سول سوسائٹی کے لوگ جو چاہیے پیش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو مرگی کے دورے پڑتے ہیں اور وہ بھی طاہر القادری کے کندھوں پر لاشوں کی سیاست کرنے نکلے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان جواب دیں کہ ڈی آئی خان جیل توڑا کر ہزاروں پاکستانی کو قتل کرنے والے دہشت گردوں کو فرار کرایا کیا اس پر کیا عمران خان اورعمران خان کے وزیر اعلیٰ نے استعفیٰ دیا ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بھی لاشوں کی سیاست بند کریں اس وقت پاکستان مشکلات کا شکار ہے ملک میں دہشت گردی ہے اور آرمی آپریشن کررہی ہے۔ ہم عمران خان کے ساتھ ہیں وہ آئی ڈی پیز کو دیکھیں لاشوں کی سیاست چھوڑیں وفاقی حکومت ان کی ہر طریقے سے مدد کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی گلو بٹ ہیں وہ قومی دشمن ہیں جسے سیاست کا شوق ہے وہ سیاست کرے جسے دھرنوں کا شوق ہے وہ دھرنے دیے ہمیں کام کرنے دیں چار سال انتظار کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعظم کی ہدایت پر میں آج کسان اتحاد کے رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات کئے ہیں ان کے ایک ہزار میٹرز کی تبدیلی کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ اور اوور بلنگ کے حوالے سے آٹھ رکنی کمیٹی بنا دی ہے۔ جبکہ کسانوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے ان کے بلوں کی قسطوں میں چار ماہ کی توسیع کردی ہے انہوں نے کہا کہ کسان اتحاد کے مخالف دھڑے کو بھی بلایا ہے۔

ہم نے میپو ‘ فیسکو اور لیسکو میں کسانوں کو چار ماہ کیلئے بلوں میں قسطوں کی ہدایت کی ہے انہوں نے کہا کہ میں نے میپکو کی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام فیڈرز کی پڑتال کریں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ رمضان شریف میں لوڈ شیڈنگ زیرو کی سطح پر لے جائی جائے مگر ایسا ممکن نہیں ہے کیونکہ ہماری ٹرانسمیشن لائنوں کے سسٹم خراب ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ 80 سے 85 فیصد لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے این ٹی ڈی سی کے افسران کی بھی سرزنش کی ہے کہ ماضی میں اربوں روپے کا فنڈز ہونے کے باوجود استعمال کیوں نہیں کئے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ‘ لورالائی ‘ ملتان‘ ساہیوال اور ملک کے دیگر حصوں میں پچیس گرڈ اسٹیشن نئے بنائے ہیں اور وزیراعظم کی خواہش یہی ہے کہ رمضان میں لوڈ شیڈنگ زیرو ہونی چاہیے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت پٹرولیم اور فنانس سے ہم نے میٹنگ کی ہے تاکہ فرنس آئل اور گیس حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ 80 سے 85 فیصد بجلی فراہم کر سکیں۔

رمضان میں سحری اور افطاری میں لوڈ شیڈنگ نہ ہوں انہوں نے کہا کہ ملتان میں میپکو میں ایک لاکھ چوالیس ہزار ٹرانسفارمر ہیں لوڈشیڈنگ بھی ہورہی ہے اور ٹرپنگ بھی ہورہی ہے اس کو ہم ختم کرنا چاہتے ہیں

انہوں نے کہا کہ ہم نے لاہور میں کارروائی کی ہے اور لیسکو کا چیف آج جیل میں ہے اس کے خلاف انکوائریاں ہو رہی ہیں ساڑھے تین ارب روپے کا گھپلا ہے انہوں نے کہا کہ جو ٹرانسفارمر ساڑھے چھ لاکھ روپے کا ملتا تھا آج وہ ساڑھے تین لاکھ میں مل رہا ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ جو بھی سرکاری ملازمین کرپشن میں ملوث ہے اس کو ہتھکڑیاں لگنی چاہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام الیکٹرک سپلائی کمپنیاں ہیں ان میں احتساب ہو گا اور جو بھی کرپشن میں ملوث ہوگا اس کے خلاف کارروائی ہوگی انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس گریڈ اور فیڈرز کی پڑتال کا مانیٹرنگ سسٹم آگیا ہے اور اب ہم دیکھ سکتے ہیں کہ کہاں کتنی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوور بلنگ کرے گا اس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی انہوں نے کہا کہ ہمارا نظام تباہ تھا وزیراعظم نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر پانی و بجلی ‘ وزیر مملکت اور سیکرٹری پانی و بجلی گھر نہ بیٹھیں اور ہم وزیراعظم کی اطاعات پر کل ویڈیو کانفرنس کریں گے۔

اور وزیراعظم نے یہ بھی کہا ہے کہ شہر شہر جاکر کھلی کچہریاں لگائیں اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر مصدق ملک نے کہا کہ آج ہمارے پاس لوڈ شیڈنگ کی چیکنگ کا نظام آگیا ہے۔ اور ہمیں علم ہے کہ چار گھنٹے اور بارہ گھنٹے کہاں کہاں لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے میپکو کو ہدایت کردی ہے کہ وہ فرق کو ختم کریں

عابد شیر علی نے کہاہے کہ کرپٹ آدمی کی اس سسٹم میں گنجائش نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑے فیڈرز کو چھوٹا کردیا۔ اور لوڈ شیڈنگ کے ایشو پر ہم کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے ماضی میں اربوں روپے کے فنڈز موجود تھے لیکن کام نہیں کیا گیا۔ پاکستان کی پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہی ہے مائیں بہنیں ‘ بچے بچیاں ٹھوکریں کھا رہے ہیں اس موقع پر ہماری درخواست ہے کہ یہ جو غیر ملکی شخص طاہر القادری آیا ہے میڈیا ان کو کوریج نہ دے بلکہ آئی ڈی پیز کے علاقوں میں جائے۔

انہوں نے کہا کہ طاہر القادری پاکستان کو تباہ کرنے آیا ہے اس شخص نے نوے میں بھی ہمارے خلاف احتجاج کیا تھا اور 96 میں بھی احتجاج کیا تھا انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب اقتدار میں آتے ہیں تو پاکستان میں ادارے مضبوط ہوتے ہیں اور خوشحالی آتی ہے۔ چوہدری شجاعت اور شیخ رشید جیسے سیاسی یتیموں کو ملک میں سیاسی استحکام اچھا نہیں لگتا چوہدری شجاعت نے کالا چشمہ لگایا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ ہم ظلم کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے۔

اور ہمارے د ل سانحہ لاہور پر خون کے آنسو رو رہا ہے۔ پاکستان حالات جنگ میں ہے ہماری پاک فوج آپریشن کررہی ہے اور طاہر القادری جہاز میں بیٹھ کر ڈرامہ لگا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں عوام کو بھی چاہیے کہ ملکی صورتحال پر حکومت کا ساتھ دیں ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ لیتے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام ہمارا ساتھ دیں۔