طاہر القادری کی اسلا م آباد ائر پورٹ پر آمد، حکومت نے اسلام آباد راولپنڈی کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت پہرہ بٹھادیا، گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں،شدید گرمی میں سفر کرنیوالوں کی پولیس سے چند مقامات پر ہاتھاپائی ،توتکرار ، ائرپورٹ پر جانیوالے تمام راستے کنٹینرز رکھ کر بلاک کردیئے گئے، صرف مخصوص گاڑیوں کو جانے کی اجازت

پیر 23 جون 2014 05:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جون۔2014ء)طاہر القادری کی اسلا م آباد ائر پورٹ پر آمد، حکومت نے اسلام آباد راولپنڈی کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت پہرہ بٹھادیا، گاڑیوں کی لائنیں لگ گئیں، شدید گرمی میں سفر کرنیوالوں کی پولیس سے چند مقامات پر ہاتھاپائی ،توتکرار ، ائرپورٹ پر جانیوالے تمام راستے کنٹینرز رکھ کر بلاک کردیئے گئے، صرف مخصوص گاڑیوں کو جانے کی اجازت۔

باوثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایاکہ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی اسلام آباد ائر پورٹ پر آمد کے بعد تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں کو استقبال میں روکنے کیلئے حکومت نے اسلام آباد پولیس اور پنجاب پولیس کو متحرک کردیاگیاہے ۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ پہلا پہرہ ترنول پر لگایا گیاہے تاکہ خیبرپختونخواہ، فتح جنگ کوہاٹ کی جانب سے آنیوالے استقبالی کارکنوں کو روکا جائے اور جامع تلاشی کے بعد ہی مسافروں کو جانے دیا جارہاہے پولیس کی دوسری پھاٹک 26نمبر چونگی موٹروے چوک پر لگائی گئی ہے تاکہ زندہ دلان لاہوراور گردونوا ح کے لوگ اپنے قائد کا استقبال کرنے کیلئے آگے نہ آسکیں

اسی طرح روات کے قریب ایک پھاٹک لگائی گئی اور رکاوٹیں کھڑی کرکے گاڑیوں کی جامع تلاشی لی جارہی ہے اور بہارہ کہو کے مقام اور کھنہ پل پر بھی پولیس کو متحرک کردیاگیاہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا کہ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث بعض مقامات پر پولیس اور مسافروں میں ہاتھا پائی اور توتکرار بھی ہوئی ہے کیونکہ شدید گرمی میں سفر کرنیوالے افراد گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگنے کے باعث بہت تنگ تھے ۔ ادھر دوسری جانب راولپنڈی اندرون شہر بھی جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں چاندنی چوک، راول چوک اور ایکسپریس ہائی وے کی جانب سے ائرپورٹ پر جانیوالے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں صدر کی جانب سے آنیوالے راستے اور موتی محل کی جانب سے ائرپورٹ پر آنیوالے روڈ کی بندش کیلئے سرسید چوک کے پاس بھی رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایاکہ صرف ان لوگوں کو ائرپورٹ پر جانے کی اجازت ہے جن کے پاس پاسپورٹ ہیں جو بیرون ملک یا اندرون ملک فضائی سفر کرنے کی غرض سے ائرپورٹ جارہے ہیں اس کے علاوہ کسی کو اجازت نہیں دی جارہی کہ وہ ائرپورٹ پر جائیں۔ اسی طرح اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی سخت انتظامات کردیئے گئے ہیں فیض آباد پل، بہارہ کہو، گولڑہ موڑ پر اسلام آباد پولیس کو متحرک کردیاگیاہے تاکہ مکمل چھان بین کے بعد گاڑیوں کو گزار ا جائے اور جس گاڑی پر بھی طاہر القادری، عوامی تحریک یا تحریک منہاج القرآن کا کوئی سٹکرز یا تحریر لکھی ہوئی ہو اسے کسی صورت اسلام آباد کی جانب نہیں جانے دیا جائیگا۔