جڑواں شہروں میں موبائل فون سروس بند ، سروس بند رہنے کا دورانیہ صبح5سے دن 11بجے تک ہو گا

پیر 23 جون 2014 05:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جون۔2014ء)جڑواں شہروں میں موبائل فون سروس بند کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا۔ راولپنڈی میں صبح 5 بجے سے دن 11 بجے تک موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ رینجرز کی کوئیک رسپانس فورس کے 20 دستے اسلام آباد کے 8 مقامات پر صبح چھ بجے تعینات کر دئیے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کو راولپنڈی اسلام آباد میں موبائل فون سروس صبح 5 بجے سے صبح 11 بجے تک معطل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

سیکیورٹی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی تحریک کے کارکنوں کے ممکنہ ردعمل کے پیش نظر اسلام آباد میں پولیس الرٹ ہے۔ اسلام آباد پولیس کے تین ہزار اہلکاروں کے علاوہ ایک ہزار نفری آزاد کشمیر سے طلب کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

رینجرز کی کوئیک رسپانس فورس کے 20 دستے اسلام آباد کے 8 مقامات پر صبح چھ بجے تعینات کر دئیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے تمام مجسٹریٹ، اسٹنٹ کمشنرز 24 گھنٹے ڈیوٹی پر مامور رہیں گے۔ اسلام آباد میں عوامی تحریک کے کسی بڑے اجتماع کی توقع نہیں۔ ڈپٹی کمشنر آفس جی الیون میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا، اسلام آباد کے تمام داخلی، خارجی راستوں کو 80 کنٹرنیرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :