افسوسناک واقعہ پر دل رنجیدہ اور غمزدہ ہے،اللہ اور عوام کو جوابدہ ہوں، انصاف کی بالادستی کیلئے آخری حد تک جاوٴں گا،شہباز شریف ، ماضی گواہ ہے کہ کبھی بھی لاٹھی گولی کی سیاست نہیں کی ، الزام لگانے والے عناصر لاشوں پر سیاست کرنا چاہتے ہیں ،قدرتی آفات میں اپنے عوام کو مصائب میں چھوڑ کر لاشوں کی سیاست کرنیوالے ہمیشہ بیرون ممالک برفانی فضاوٴں کے لطف اٹھاتے رہے،عدالتی کمیشن کی تحقیقات کے نتیجے میں حقائق سامنے آئیں گے ،ذمہ داروں کو قانون کے مطابق گرفت میں لائیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

اتوار 22 جون 2014 08:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جون۔ 2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاہور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر میرا دل ابھی تک رنجیدہ اور غمزدہ ہے۔واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اورافسوس ہے،سوگوار خاندانوں کے غم میں برابرکے شریک ہیں ۔واقعہ میں انصاف اور قانون کی بالادستی کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

عدالتی کمیشن کی تحقیقات کے نتیجے میں حقائق سامنے آئیں گے جن سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا اورذمہ داروں کو قانون کے مطابق گرفت میں لائیں گے۔میں اللہ اور صوبے کے 10 کروڑ عوام کو جوابدہ ہوں۔ انصاف کے تقاضے ہر قیمت پر پورے کیے جائیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا۔

(جاری ہے)

میں ہمیشہ کمزور اور طاقتور کے درمیان آہنی دیوار بن کر کھڑا رہا ہوں اورلاہور کے افسوسناک واقعہ میں بھی مظلوم خاندانوں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑا ہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ لاشوں کی سیاست کرنے والے اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے،ملک میں جب بھی بحران آئے اورعوام قدرتی آفات سے دوچار ہوئے تو لاشوں کی سیاست کرنے والے سیاستدان اپنے عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کے بجائے بیرون ممالک برفانی فضاوٴں کا لطف اٹھاتے رہے۔

پاکستان کے عوام ان کے اس کردار سے بخوبی آگاہ ہیں جبکہ میں ایک خطر ناک مرض کے باوجود خادم پنجاب کے طورپر مصیبت میں گھرے لوگوں کے ساتھ کھڑارہا اوران کی مدد کے لئے صوبے کے کونے کونے میں پہنچا۔انہوں نے کہا کہ انصاف اور حق کی بالادستی کیلئے کڑے فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ دنیا میں وہی قومیں آگے بڑھتی ہیں جن کی قیادت مشکل حالات میں کڑے فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ صرف انصاف کا ہونا ہی کافی نہیں بلکہ انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیئے۔میرا ماضی گواہ ہے کہ میں نے کبھی بھی لاٹھی گولی کی سیاست نہیں کی بلکہ شرافت اور خدمت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا ہے۔مجھ پر الزام لگانے والے وہ عناصر ہیں لاشوں پر سیاست کرنا چاہتے ہیں اورمگر مچھ کے آنسو بہانے والے یہ عناصر 2007ء میں مکا لہرانے والوں کے ساتھ اس وقت اسلام آباد میں جشن منارہے تھے جب کراچی میں 42بے گناہ افراد کو قتل کیا گیا۔

6سالہ دور میں عوام کی خدمت کو عبادت سمجھا ہے اور عوام کی خدمت کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی اوراب بھی اس افسوسناک واقعہ میں مظلوم خاندانوں کو انصاف دلا کر دم لوں گا۔حق اورانصاف کی بالادستی کے لئے ہر اقدام اٹھایا جائے گااورکسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی بقا کی جنگ لڑ رہی ہیں اور پوری قوم کو پاک افواج کی لازوال قربانیوں پر فخر ہے۔ اس وقت پاکستان کا ہر بچہ ، جوان، بزرگ اور مائیں بہنیں اپنی افواج کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ پاک فوج نے امتحان کی ہر گھڑی میں شجاعت اور عزیمت کی لازوال مثالیں پیش کی ہیں۔ میں پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو سلیوٹ کرتا ہوں۔