اپنے شہریوں کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پرنہیں چھوڑیں گے ،حفاظت کیلئے آخری حد تک جائیں گے،وزیرقانون پنجاب، پاکستان دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کے ذریعے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی عیاشی کا متحمل نہیں ہو سکتا،ڈاکٹر طاہر القادری ، ان کے ساتھیوں اور خود حکمرانوں سمیت پوری قوم کو دہشتگردوں کی جانب سے حملوں کے حقیقی خطرات موجود ہیں،دہشتگردی روکنے کے راستے میں روڑے اٹکا کر اپنی علیحدہ دکان سجانے والوں کو عوام کا کچھ احساس کرنا چاہیے ،رانا مشہود کی پریس کانفرنس

اتوار 22 جون 2014 08:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جون۔2014ء)وزیرقانون پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں پاک فوج کو مکمل یکسوئی کے ساتھ اخلاقی حمایت فراہم کر کے پاکستان کی خوشحالی ، امن اور استحکام کو یقینی بنانا چاہتی ہے-یہ پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن مرحلہ ہے۔ ملک ہو گا تو سیاست ہوتی رہے گی۔ پاکستان اس وقت دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کے ذریعے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی عیاشی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

ہمیں دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو کر دہشت گردوں کا خاتمہ یقینی بنائے گی۔ ایوان وزیر اعلیٰ میں میں پریس کانفرنس سے خطاب میں رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری ، ان کے ساتھیوں اور خود حکمرانوں سمیت پوری قوم کو دہشت گردوں کی جانب سے حملوں کے حقیقی خطرات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ان حالات میں جو لوگ پاکستان سے دہشت گردی روکنے کے راستے میں روڑے اٹکا کر اپنی علیحدہ دکان سجانا چاہتے ہیں، انہیں پاکستان کے عوام کا کچھ احساس کرنا چاہیے ۔

اسلام آباد ایئرپورٹ بھی بہت حساس جگہ ہے کیونکہ وہاں پاکستان ایئرفورس کی تنصیبات بھی موجود ہیں۔ موجودہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے شہریوں کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر بالکل نہیں چھوڑیں گے اور ان کی حفاظت کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

صوبائی وزیرقانون نے کہا کہ جو دہشت گرد ہمارے شہری علاقوں کی مختلف گلیوں اور محلوں میں چھپے بیٹھے ہیں، ان کی نشاندہی بھی حکومت اور عوام مل کر کریں گے۔

ہم نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی اسلام آبادایئرپورٹ آمد کے موقع پر عوام کو سکیورٹی مہیا کرنے اور دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے حوالے سے پاکستان عوامی تحریک کو بھی ضروری لائحہ عمل سے آگاہ کر دیا ہے کیونکہ ہمیں ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے ساتھیوں کے جان و مال کا تحفظ بھی عزیز ہے۔ ان کی پاکستان آمد پرحکومت پہلے سے موجود سٹینڈرڈ آپریٹو پروسیجرز پر آئین اور قانون کی حقیقی روح کے مطابق عمل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی کشیدگی جاری رکھنے کے خواہش مند عناصر پاکستان کی خوشحالی اور استحکام کے مخالف ہیں۔ ان کا مطمع نظر جمہوریت کو ڈی ریل کرنا ہے لیکن عوام انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے دفاع میں مصروف ان غیورفوجی جوانوں کا ساتھ دے کر دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملائیں گے جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے عظیم مشن پر اگلے مورچوں میں موجود ہیں - رانا مشہود احمد خاں نے کہاکہ پاکستان کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس وقت شمالی وزیرستان میں حالت جنگ کی وجہ سے اپنا گھر بار چھوڑ کر کھلے آسمان تلے تپتی دھوپ میں اپنے بال بچے لے کر بیٹھے ہوئے لاکھوں آئی ڈی پی زہماری توجہ اور ہمدردی کے صحیح حقدار ہیں کیونکہ انہوں نے یہ قربانی پاکستان میں قیام امن کے لئے دی ہے