ججز تقرری بارے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس‘ سندھ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل ججز کی تقرری و انہیں مستقبل کرنے بارے تجاویز پر غور،سندھ ہائی کورٹ کے چار ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی سفارش‘ دیگر دو ججز کو ایک ایک سال کی توسیع

ہفتہ 21 جون 2014 08:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جون۔ 2014ء) اعلیٰ عدالتوں میں ججوں کی تقرری کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس سینیٹر حاجی محمد عدیل کی زیر صدات جمعہ کو پارلیمنٹ منعقد ہوا۔ جس میں جوڈیشل کمیشن کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل ججز کی تقرری اور انہیں مستقل کرنے کے بارے میں دی گئی تجاویز پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر حاجی محمد عدیل نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کمیٹی نے جوڈیشل کمیشن کی تجاویز کی روشنی میں سندھ ہائی کورٹ کے چار ایڈیشنل ججز جن میں جسٹس سید ایم فاروق شاہ ‘ جسٹس عزیز الرحمن‘ جسٹس آفتاب احمد گورر اور جسٹس صلاح الدین پنور کے نام شامل ہیں کو مستقل کرنے کی سفارش کی ہے۔

سینیٹر حاجی عدیل نے مزید بتایا کہ دو جج جن میں جسٹس فاروق علی چنا اور ریاضت علی سحر کو جوڈیشل کمیشن نے مستقل کرنے کی سفارش کی ہے تاہم کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ ان دو ججز کو ایک ایک سال کی توسیع دی جائے۔ اجلاس میں سینیٹر ملک محمد رفیق راجوانہ ‘ سینیٹر فاروق ایچ نائیک کے علاوہ اراکین قومی اسمبلی سید نوید قمر‘ چوہدری محمود بشیر ورک اور محمد ارشد خان لغاری نے شرکت کی۔ سینیٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری حسن خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :