لیپ ٹاپ کی ملک میں تیاری سے انڈسٹری مضبوط اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، اسحق ڈار ، اصل سرمایہ کاری نوجوانوں پر خرچ کرنا ہے جو ہمارا مستقبل ہیں،وزیراعظم کی پانچ سکیمیں پانچ سال جاری رہیں گی اور دوبارہ موقع ملا تو اگلے پانچ سال بھی سکیمیں جاری رکھیں گے،لیپ ٹاپ سکیم کے افتتاح کے موقع پر خطاب

ہفتہ 21 جون 2014 08:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جون۔ 2014ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ اصل سرمایہ کاری نوجوانوں پر خرچ کرنا ہے جو ہمارا مستقبل ہیں‘ وزیراعظم کی پانچ سکیمیں پانچ سال جاری رہیں گی اور دوبارہ موقع ملا تو اگلے پانچ سال بھی سکیمیں جاری رکھیں گے‘ بجٹ میں نوجوانوں کیلئے پندرہ لاکھ روپے رکھے گئے ہیں‘ ملک قرضوں پر چل رہا ہے لیکن لیپ ٹاپ سکیم کی چار ارب ایچ ای سی کو منتقل کردئیے۔

جمعہ کو لیپ ٹاپ سکیم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ آج انتہائی خوشی کا دن ہے کہ وزیراعظم نے حلف اٹھانے کے چھ دن بعد نوجوانوں کیلئے پانچ سکیموں کا اعلان کیا۔ ان میں یوتھ لون سکیم اور دیگر جاری ہیں اور آج لیپ ٹاپ سکیم کا آغاز ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کوئی بھی ہو وہ پیسے بچاتا ہے۔ وزیراعظم کی لیپ ٹاپ سکیم کی تمام رقم ایچ ای سی کو منتقل ہوچکی ہے۔

ہم خود ادھار پر چل رہے ہیں لیکن نوجوانوں کیلئے رقم دی جاچکی ہے کیونکہ اصل انوسٹمنٹ نوجوانوں پر خرچ کرنے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکیمیں ایک سال نہیں پانچ سال کیلئے ہیں اور اگر خدا نے موقع دیا تو اگلے پانچ سال بھی یہ سکیمیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے لیپ ٹاپ سکیم کا خود آغاز کرکے اچھا فیصلہ کیا۔ لیپ ٹاپ کی ملک میں تیاری سے انڈسٹری مضبوط اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے اس بجٹ میں پندرہ لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی آنے سے نوجوان دنیا کی تیز تر ترقی سے استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی کسی بھی سکیم میں ہمارا کوئی عمل دخل نہیں۔ یہ تمام میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ہوگا۔

متعلقہ عنوان :