رحمان ملک کی ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں رابطہ کمیٹی کے اراکین سے ملاقات، ایم کیوایم کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کے سفاکانہ قتل پر ر آصف زرداری،بلاول بھٹو ی اوردیگررہنماوٴں کی جانب سے تعزیت ، دو ججوں پر مشتمل کمیشن بناکرطاہرہ آصف شہیدکے قاتلوں اور ان کے سرپرستوں کا سراغ لگانا چاہیے،سابق وزیر داخلہ

ہفتہ 21 جون 2014 08:35

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جون۔ 2014ء) پیپلزپارٹی اوورسیز کے صدراورسابق وزیرداخلہ سینیٹر رحمان ملک نے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت اور دیگراراکین رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی اور ایم کیوایم کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کے سفاکانہ قتل پر پیپلزپارٹی کے کوچیئرپرسن آصف علی زرداری اورچیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہارکیا۔

اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان طارق جاوید، ایم انور، مصطفی عزیزآبادی، قاسم علی رضا، حق پرست رکن قومی اسمبلی محمد علی راشد اور سابق رکن قومی اسمبلی وسیم اختر بھی موجود تھے ۔ سینیٹر رحمان ملک نے محترمہ طاہرہ آصف کے قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قائد تحریک جناب الطاف حسین ، ایم کیوایم کے رہنماوٴں اور کارکنوں سے دلی یکجہتی کااظہارکیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محترمہ طاہرہ آصف شہید کوزبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا اوران کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ سپریم کورٹ کو رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف شہید کے بہیمانہ کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور کم ازکم دو ججوں پر مشتمل کمیشن بناکر قاتلوں اور ان کے سرپرستوں کا سراغ لگانا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں نے پورے ملک میں قتل وغارتگری اوردہشت گردی کابازارگرم کررکھا ہے اگر چند برس قبل جناب الطاف حسین کے خدشات پر دہشت گردوں کے خلاف ایکشن لیاجاتا تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ انہوں نے کہاکہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ طاہرہ آصف کو سنگین نتائج کی دھمکیوں کے باوجود حکومت پنجاب کی جانب سے انہیں سیکوریٹی فراہم نہیں کی گئی ،ان کی شہادت پر ایم کیوایم کی قیادت جس کرب و اذیت سے گزررہی ہے حکومت کو اسے محسوس کرنا چاہیے اور دہشت گردوں کو گرفتارکرکے کیفرکردار تک پہنچانا چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی دکھ اورصدمہ کی اس گھڑی میں ایم کیوایم کے ساتھ ہے اورانصاف کے حصول کیلئے ایم کیوایم کے ساتھ ہرطرح کے تعاون کے لئے تیارہے۔ رحمن ملک نے کہاکہ اگر تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں اور طاہرہ آصف شہید کے قاتلوں کوگرفتارنہ کیا گیا تو دہشت گردی کا سلسلہ مزیدبڑھے گا ۔ مذہبی انتہاء پسندی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے والی جماعتوں کو دہشت گردی کانشانہ بنایاجارہا ہے ، اس سے قبل دہشت گردوں نے محترمہ بے نظیربھٹو کو شہیدکیا، خیبرپختونخوا میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماوٴں کو نشانہ بنایا گیا،کراچی میں ایم کیوایم کے تین ارکان سندھ اسمبلی کوشہیدکیاگیا اوراب کراچی کے بعد لاہور میں بھی ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پنجابی طالبان اور لشکر جھنگوی کے دہشت گرد پورے پنجاب میں پھیلے ہوئے ہیں لیکن حکومت ان دہشت گردوں کا نام لیتے ہوئے بھی خوف کا شکار ہے ۔ اب حکومت نہیں بلکہ ملک بچانے کی بات کی جائے اور مشترکہ دشمن سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اور متفقہ حکمت عملی ترتیب دی جائے ۔سینیٹررحمان ملک نے کہاکہ مذہبی انتہاء پسندوں کے خلاف شمالی وزیرستان سمیت ملک بھرمیں فوجی آپریشن جاری ہے اوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مسلح افواج کے ساتھ ہے ۔

رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ تشریف لانے اورسابق صدرجناب آصف علی زرداری اورپیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اظہارتعزیت پر سینیٹررحمان ملک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات واضح ہے کہ محترمہ طاہرہ آصف کو حق پرستانہ جدوجہد کی پاداش میں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے ، اس سے قبل 17، جون کو لاہور میں تحریک منہاج القران کے مرکز اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ پر ریاستی دہشت گردی کامظاہرہ کرکے درجنوں افراد کو شہید وزخمی کردیا گیا، طاہرہ آصف سے قبل ایم کیوایم کے تین ارکان سندھ اسمبلی کو دہشت گردی کانشانہ بنایاجاچکا ہے ۔

انہوں نے طاہرہ آصف سمیت تمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور غریب ومتوسط طبقہ کی حکمرانی کیلئے ایم کیوایم کی جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں ایم کیوایم کے ساتھ تعزیت اورہمدردی کااظہارکرنے والے تمام سیاسی ومذہبی رہنماوٴں اورتمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کاشکریہ اداکیا۔