لاہور ، سیشن عدالت میں شہباز شریف،آئی جی پنجاب سمیت پانچ سو پولیس افسروں اور اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست پر دوبارہ نوٹس جاری ، ایس ایچ او تھانہ فیصل ٹاون 23 جون کوریکارڈ سمیت طلب

ہفتہ 21 جون 2014 08:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جون۔ 2014ء)لاہور کی سیشن عدالت نے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف،آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا سمیت پانچ سو پولیس افسروں اور اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کے لئے دائر درخواست پر تھانہ فیصل ٹاون کے ایس ایچ او کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 23جون کوریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔ لاہور کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غفار مہتاب نے مقامی شہری محمد نعمان کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس اہلکاروں کی بربریت کے نتیجے میں ماڈل ٹاون واقعہ میں نہتے شہریوں کا قتل عام کیا گیا۔عام شہریوں کے قتل عام کی تمام تر ذمہ داری وزیر اعلی پنجاب۔آئی جی پنجاب سمیت آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور اہلکاروں پر عائد ہوتی ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ماڈل ٹاون واقعہ میں ہلاک ہونے والے شہریوں کے قتل کا مقدمہ وزیر اعلی پنجاب ،آئی جی پنجاب اور درخواست میں فریق بنائے گئے پولیس افسروں اور اہلکاروں پر درج کرنے کا حکم دیا جائے۔جس پر عدالت نے تھانہ فیصل ٹاون کے ایس ایچ او کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے تئیس جون کو تفصیلی جواب سمیت طلب کر لی۔