سانحہ لاہور:ملزم گلو بٹ کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ، عدالت میں پیشی پر گلو بٹ پر وکلاء اور شہریوں کا بدترین تشدد،بے ہوشی کی حالت میں جناح ہسپتال منتقل

جمعہ 20 جون 2014 07:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جون۔2014ء) سانحہ لاہور کے ملزم گلو بٹ کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ، مقدمہ میں دہشتگردیکی دفعات شامل کرنے کی درخواست پر فیصلہ آج جمعہ کو سنایا جائے گا ۔ لاہور سانحہ میں گاڑیاں توڑنے کے جرم میں گرفتار گلو بٹ کو جمعرات کی دوپہر عدالت میں پیش کیا جارہا تھا کہ عوام نے اس پر شدید تشدد کیا اور وہ زخمی ہوگیا جس کے بعد پولیس اسے ہسپتال کی بجائے نامعلوم مقام پر لے گئی ا ور دوبارہ عدالتی وقت ختم ہونے کے بعد 3بج کر 45منٹ پر سخت سکیورٹی میں ڈیوٹی جج شہزاد مظفر کی عدالت میں پیش کیا پولیس نے عدالت سے گلو بٹ کے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اس موقع پر ایک وکیل نے درخواست دی کہ گلو بٹ کے مقدمہ میں دہشتگردی کی دفعات شامل کی جائیں تاہم عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا اور آج جمعرات کو فیصلہ سنایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ادھرعدالت میں گلو بٹ کو دیکھتے ہی شہری ٹوٹ پڑے اور لاتوں اور مکوں سے گلو بٹ کی گرمی نکال دی۔ جمعرات کے روز فیصل ٹاؤن کے تفتیشی افسر نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ گلو بٹ کو لے کر ماڈل ٹاؤن کچہری پہنچے تو وہاں پر پہلے سے موجود وکلاء اور شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنا غصہ نکالتے ہوئے گلوبٹ کو لاتوں اور مکوں سے خوب نشانہ بنایا۔ گرمی میں وحشیانہ تشدد کے باعث گلو بٹ شدید زخمی حالت میں بے ہوش ہوگیا جسے پولیس نے فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کیلئے رکشے میں ڈال کر جناح ہسپتال منتقل کردیا جہاں ڈاکٹروں نے گلو بٹ کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ گلو بٹ کے کہنے پر پولیس نے گلو بٹ کے منہ پر کپڑا ڈال کر عدالت میں پیش کیا تھا لیکن پھر بھی عوام نے پہچان کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔

متعلقہ عنوان :